ثناء میر کو ’خاتون کمنٹیٹر‘ کہنا محمد مالک کے گلے پڑ گیا

ٹوئٹر صارفین نے محمد مالک کو بتایا کہ دنیا بھر میں کرکٹرز کے لیے بیٹرز کی اصطلاح استعمال کی جاتی ہے۔

سربراہ ہم نیوز محمد مالک نے پاکستان کی وومن کرکٹ ٹیم کی سابق کپتان ثناء میر کی کمنٹری پر نامناسب تبصرہ کیا تو سوشل میڈیا پر خود ان کی ٹرولنگ شروع ہوگئی۔ شنیرا اکرم اور کھیلوں کے صحافیوں نے محمد مالک کو آڑے ہاتھوں لے لیا۔

پاکستان کی خواتین مختلف کھیلوں میں اپنی پہچان بنارہی ہیں۔ وومن کرکٹ ٹیم میں بھی خواتین کھلاڑیوں نے نمایاں کارکردگی سے اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوایا۔ افسوس کہ میڈیا انڈسٹری سے تعلق رکھنے والے کچھ افراد اب تک کرکٹ اور کمنٹری کو صرف مردوں تک محدود رکھنے کے حامی ہیں۔ سربراہ ہم نیوز محمد مالک نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر کرکٹر ثناء میر کی کمنٹری پر تنقید کرتے ہوئے لکھا کہ کوئی یہ سمجھائے کہ خاتون کمنٹیٹر نے بیٹسمین کے بجائے بیٹرز کی اصطلاح کیوں استعمال کی؟

ٹوئٹ کے جواب میں قومی کرکٹ ٹیم کے نامور کھلاڑی وسیم اکرم کی اہلیہ شنیرا اکرم میدان میں آگئیں۔

یہ بھی پڑھیے

ٹک ٹاک اور فیس بک پر پی ایس ایل میچز کا مزہ دوبالا

صحافی گلمینے نے محمد مالک کے ٹوئٹ کو کوٹ ٹوئٹ کرتے ہوئے خاتون کمنٹیٹر کی اصطلاح پر حیرت کا اظہار کیا۔

صحافی و تجزیہ کار عافیہ سلام نے اپنے ٹوئٹر پیغام میں لکھا کہ ثناء میر کے لیے خاتون کمنٹیٹر کا لفظ استعمال کیا، تو کیا دیگر کمنٹریٹرز کے لیے مرد کمنٹیٹر کا لفظ استعمال کیا جاتا ہے؟ تمام کمنٹیٹرز کو صرف ان کے نام سے کیوں نہیں پکارا جاتا؟

معروف اسپورٹس جرنلسٹ فیضان لاکھانی نے اپنی ٹوئٹ میں ثناء میر کی تعریف کرتے ہوئے بتایا کہ دنیا بھر میں کرکٹ کے کھلاڑیوں کے لیے اب بیٹرز کی اصطلاح استعمال کی جاتی ہے۔

متعدد ٹوئٹر صارفین نے بھی محمد مالک کی ٹوئٹ پر تنیقد کرتے ہوئے کہا کہ کھلاڑیوں کے لیے بیٹرز کا لفظ استعمال کرنا غلط نہیں ہے۔

متعلقہ تحاریر