لاہور قلندرز کے مداح آئندہ میچز سے خوفزدہ

اسلام آباد یونائیٹڈ نے لاہور قلندرز کو 28 رنز سے شکست دے دی ہے۔

پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے چھٹے سیزن کے 20ویں میچ میں لاہور قلندرز کو اسلام آباد یونائیٹڈ کے ہاتھوں شکست کا سامنا کرنا پڑا ہے جس کے بعد ٹیم کے مداح آئندہ میچز سے خوفزدہ ہوگئے ہیں۔

ابوظہبی میں کھیلے گئے میچ میں اسلام آباد یونائیٹڈ نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔ اسلام آباد یونائیٹڈ کی جانب سے 153 رنز کے ہدف کے تعاقب میں لاہور قلندرز کی ٹیم 124 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔

یہ بھی پڑھیے

محمد عامر کی کرکٹ ٹیم میں واپسی کی راہیں ہموار؟

اسلام آباد یونائیٹڈ کی جانب سے اننگز کا آغاز کچھ خاص نہیں تھا کیونکہ آدھی ٹیم محض 20 رنز پر آؤٹ ہوگئی تھی تاہم چھٹی وکٹ پر افتخار احمد اور آصف علی نے شاندار 123 رنز کی شراکت داری قائم کی۔ افتخار احمد نے 49 اور آصف علی نے 75 رنز بنائے۔

اسلام آباد یونائیٹڈ نے مقررہ 20 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 152 رنز اسکور کیے۔ لاہور قلندرز کی جانب سے جیمز فاکنز نے 3، جبکہ حارث رؤف اور شاہین شاہ آفریدی نے 2، 2 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔

اسلام آباد یونائیٹڈ کے برعکس لاہور قلندرز کی ٹیم نے اننگز کا شاندار آغاز کیا۔ کپتان سہیل اختر 55 کے مجموعی اسکور پر 34 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئے۔ اس نقصان کے بعد ٹیم میں کوئی بھی بڑی شراکت داری قائم نہ کر سکا اور پوری ٹیم 19ویں اوور میں 124 رنز پر آؤٹ ہوگئی۔ اس طرح اسلام آباد یونائیٹڈ نے 28 رنز سے فتح حاصل کرلی۔

لاہور قلندرز کی جانب سے کپتان سہیل اختر 34 اور فخر زمان 44 رنز بنا کر نمایاں رہے۔

اسلام آباد یونائیٹڈ کے محمد موسیٰ نے 3، جبکہ شاداب خان اور فواد احمد نے 2، 2 وکٹیں حاصل کیں۔

ادھر سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر لاہور قلندرز کی شکست کے بعد کرکٹ شائقین نے اپنے خیالات کا اظہار کیا ہے۔ محمد شیر نامی صارف نے اپنی ٹوئٹ میں لاہور قلندرز کو مخاطب کر کے انڈین فلم اسٹار رجنی کانت کے مشہور ڈائیلاگ کی ایک تصویر شیئر کی۔

ولید رحمان فاروقی نے مشہور انڈین گانے کو لاہور قلندرز پر تنقید کا ذریعہ بنایا۔

اریبہ نامی صارف نے لاہور قلندرز کی یکے بعد دیگرے وکٹیں گرنے کو بسکٹ کے ایک اشتہار کے ساتھ مزاحیہ انداز میں جوڑا۔

چند ٹوئٹر صارفین نے لاہور قلندرز کے مالک فواد رانا کی اداس تصاویر بھی شیئر کیں۔

اسلام آباد کے ہاتھوں شکست کے بعد لاہور قلندرز کی ٹیم کے مداح آئندہ میچز خوفزدہ ہوگئے ہیں۔ مداحوں کا کہنا ہے کہ لاہور قلندرز نے اس مرتبہ بھی شکست کھانے کی روایت برقرار رکھی ہے، ڈر ہے کہ آئندہ میچز میں بھی کہیں یہی روایت قائم نہ رکھیں۔

متعلقہ تحاریر