پی ایس ایل 6 فائنل، نظریں زازئی اور دھانی پر مرکوز

حضرت اللہ زازئی 4 میچز میں 209 رنز کے ساتھ نمایاں ہیں جبکہ شاہنواز دھانی 10 میچز میں 20 وکٹوں کے ساتھ سرفہرست ہیں۔

پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) سیزن 6 کا فائنل آج متحدہ عرب امارات کے شہر ابوظہبی میں پشاور زلمی اور ملتان سلطانز کے درمیان کھیلا جائے گا۔ شائقین کرکٹ اور کرکٹ کے معروف تجزیہ کاروں کی نظریں ملتان سلطانز کے شاہنواز دھانی اور پشاور زلمی کے حضرت اللہ زازئی پر جمی ہوئی ہیں۔

پاکستان سپر لیگ کے چھٹے ایڈیشن کے دوسرے ایلیمنیٹر میچ میں پشاور زلمی کے حضرت اللہ زازئی نے اپنی عمدہ بیٹنگ کی بدولت اسلام آباد یونائیٹڈ کو شکست سے دوچار کیا تھا۔ حضرت اللہ زازئی نے اپنی اننگز کے دوران 4 چھکوں اور 6 چوکوں کی مدد سے 66 رنز اسکور کیے تھے۔

یہ بھی پڑھیے

یونس خان نے کرکٹ سے راہیں جدا کرلیں

اس سے قبل پاکستان سپر لیگ کے چھٹے ایڈیشن کے پہلے ایلیمنیٹر میں پشاور زلمی کے حضرت اللہ زازئی نے 38 گیندوں پر 77 رنز بنائے تھے۔ ان کی اننگز میں 10 چوکے اور 5 چھکے شامل تھے۔

پشاور زلمی ٹیم کے حضرت اللہ زازئی اب تک 4 میچز کھیل کر 209 رنز بنا چکے ہیں۔ حضرت اللہ زازئی نے کراچی کنگز کے خلاف کھیلتے ہوئے 63 رنز اسکور کیے تھے جبکہ 17 جون کو اسلام آباد یونائیٹڈ کے خلاف بغیر کوئی رن بنائے آؤٹ ہوگئے تھے۔

دوسری جانب ملتان سلطانز کے مایہ ناز بالر شاہنواز دھانی نے پی ایس ایل سیزن 6 میں بہترین کارکردگی بنا پر کرکٹ شائقین اور تجزیہ کاروں کی توجہ اپنی جانب مبذول کروا رکھی ہے۔

ملتان سلطانز کے شاہنواز دھانی اب تک 10 میچز کھیل کر 20 وکٹیں حاصل کرچکے ہیں۔ 23 فروری کو شاہنواز دھانی نے پشاور زلمی کے خلاف کھیلتے ہوئے 44 رنز دے کر 2 وکٹیں حاصل کی تھیں جبکہ 13 جون کو کھیلے گئے میچ میں پشاور زلمی کے خلاف 31 رنز کے عوض 4 وکٹیں حاصل کی تھیں۔

پی ایس ایل سیزن 6 کا فائنل میچ جیسے ہی شروع ہوگا دونوں ٹیموں کے کپتانوں اور شائقین کی نظریں شاہنواز دھانی اور حضرت اللہ زازئی پر مرکوز ہوں گی کہ کب کون مخالف ٹیم کے خلاف جیت کا حصہ بنتا ہے۔

متعلقہ تحاریر