کیا دھانی کا دور آنے والا ہے؟

شاہنواز دھانی کے علاوہ عمران بٹ اور عثمان قادر بھی ایمرجنگ کٹیگری کا حصہ بنے ہیں۔

پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) 6 میں شاندار بالنگ کا مظاہرہ کرنے والے شاہنواز دھانی کو ان کی محنت کا صلہ مل گیا ہے۔ دھانی کو پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے سینٹرل کنٹریکٹ میں شامل کرلیا گیا ہے۔ فاسٹ بالر کو ایمرجنگ کٹیگری میں رکھا گیا ہے۔

شاہنواز دھانی کا جادو پی ایس ایل 6 میں سر چڑھ کر بولا، فاسٹ بالر کی بہترین پرفارمنس نے ملتان سلطانز کو جیت سے ہمکنار کرایا۔ شاہنواز دھانی کو اپنی اس محنت کا صلہ مل گیا ہے۔ پی سی بی کی جانب سے جاری ہونے والی تفصیلات کے مطابق 20 کھلاڑیوں کے لیے اعلان کردہ فہرست میں کنٹریکٹ کی 3 مختلف کٹیگریز سمیت 3 ایمرجنگ کرکٹرز کو بھی شامل کیا گیا ہے، جس میں شاہنواز دھانی کا نام سرفہرست ہے۔

شاہنواز دھانی کے علاوہ عمران بٹ اور عثمان قادر بھی ایمرجنگ کٹیگری کا حصہ بنے ہیں۔

یہ بھی پڑھیے

شاہنواز دھانی قومی کرکٹ ٹیم میں ڈیبیو کے لیے پر امید

یہاں یہ بات قابل ذکر ہے کہ حسن علی اور محمد رضوان کو ان کی کارکردگی کے باعث کٹیگری اے میں ترقی مل گئی ہے۔

بائیس سالہ شاہنواز دھانی نے پی ایس ایل 6 میں ملتان سلطانز کی جانب سے 11 میچز میں 24 وکٹیں حاصل کیں۔ وہ ٹورنامنٹ کے بہترین بالر اور بہترین ایمرجنگ پلیئر بھی قرار پائے تھے۔

شاہنواز دھانی جب جیت کے بعد ایک بڑے جلوس کی شکل میں لاڑکانہ سے ایک میل دور اپنے آبائی گاؤں کھاوڑ خان پہنچے تھے تو ان کا دوست احباب، عزیز واقارب اور علاقہ مکینوں نے زبردست طریقے سے استقبال کیا تھا۔ شاہنواز دھانی نے اس وقت میڈیا سے گفتگو میں کہا تھا کہ وہ قومی کرکٹ ٹیم میں ڈیبیو کرنے کے لیے پر امید ہیں۔

متعلقہ تحاریر