یورو کپ فائنل کے ٹکٹس بلیک میں فروخت ہونے کا انکشاف

فائنل میچ کا ایک ٹکٹ 54 ہزار پاؤنڈ میں فروخت ہورہا ہے۔

پاکستان میں تو آپ نے کرکٹ میچ کا ٹکٹ بلیک میں فروخت ہونے کے بارے میں سنا ہی ہوگا لیکن اب یورو کپ کے فائنل میچ کے ٹکٹ بھی بلیک میں فروخت ہونے کا انکشاف ہوا ہے۔

گذشتہ ہفتے یورو کپ کی آفیشل ویب سائٹ یوئیفا نے اعلان کیا تھا کہ فائنل میچ کے تمام ٹکٹس فروخت ہوچکے ہیں۔ برطانوی میڈیا کے مطابق انگلینڈ کے فائنل میں پہنچنے کے بعد اب بڑی تعداد میں شائقین فائنل میچ دیکھنے کے لیے بلیک میں ٹکٹ خرید رہے ہیں۔ اس وقت مختلف ویب سائٹس پر فائنل میچ کے ٹکٹس کی فروخت میں بڑا اضافہ دیکھنے میں آرہا ہے۔ میچ کا ایک ٹکٹ 40 ہزار سے 54 ہزار پاؤنڈ تک فروخت کیا جارہا ہے۔ 295 پاؤنڈ والا ٹکٹ اب 54 ہزار پاؤنڈ میں فروخت ہورہا ہے۔

برطانوی میڈیا کا دعویٰ ہے کہ یورو کپ کے سیمی فائنل میں بھی بلیک میں فی ٹکٹ 650 سے 20 ہزار پاؤنڈ میں فروخت ہوا تھا۔ فائنل میچ کے ٹکٹس کی مانگ میں 180 فیصد تک اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔

یہ بھی پڑھیے

یورو کپ اور کوپا امریکا کا تاج کس کے سر پر سجے گا؟

واضح رہے کہ یورو کپ کے سیمی فائنل میں انگلینڈ کی ٹیم ڈنمارک کو شکست دے کر نصف صدی بعد کسی بڑے ایونٹ کے فائنل میں پہنچی ہے۔ اتوار کے روز فائنل میں اسکا مقابلہ اٹلی سے ہوگا۔ گذشتہ روز انگلینڈ اور ڈنمارک کے درمیان کھیلا گیا سیمی فائنل 1-1 گول سے برابر رہا۔ میچ کا فیصلہ اضافی وقت میں کیا گیا جس میں انگلش کپتان نے گول کرکے اپنی ٹیم کو کامیابی دلائی۔

Facebook Comments Box