چیف آف دی نیول اسٹاف اوپن گالف چیمپئن شپ کا آغاز

چیمپئن شپ میں 30 خواتین سمیت 600 سے زائد کھلاڑیوں نے حصہ لیا ہے۔

کراچی میں پچیسویں چیف آف دی نیول اسٹاف اوپن گالف چیمپئن شپ کا آغاز ہوگیا۔ 11 جولائی تک جاری رہنے والی اس چیمپئن شپ میں 30 خواتین سمیت 600 سے زائد کھلاڑیوں نے حصہ لیا ہے۔

گالف چیمپئن شپ میں مختلف کیٹیگریز رکھی گئی ہیں جس میں پروفیشنلز، جونیئر پروفیشنلز، امیچر، سینئرز، ویٹرنز اور خواتین کی کیٹگری شامل ہے۔ افتتاحی تقریب کے مہمان خصوصی کمانڈر کراچی ریئر ایڈمرل اویس احمد تھے۔ اس موقع پر گالف کے پیٹرن کموڈور محمد وقار نے شرکاء کو چیمپئن شپ کی تفصیلات سے آگاہ کیا۔ انہوں نے بتایا  کہ مجموعی انعامی رقم 85 لاکھ روپے ہے۔ اس کے علاوہ مختلف کیٹگریز کے فاتحین کے لیے بھی انعامات رکھے گئے ہیں۔

یہ بھی پڑھیے

یورو کپ اور کوپا امریکا کا تاج کس کے سر پر سجے گا؟

ٹورنامنٹ میں پروفیشنلز اور امیچرز کے 72، جونیئرز کے 18، خواتین اور سینئرز کے 36 جبکہ ویٹرنز کے لیے 9 ہولز میچز رکھے گئے ہیں۔

اس موقع پر نیوز360 سے بات چیت کرتے ہوئے گالف کے پیٹرن کموڈور محمد وقار نے کہا کہ اس چیمپئن شپ کا آغاز 25 سال قبل ہوا تھا جس کا اصل مقصد ملکی سطح پر گالف کو متعارف کرانا تھا۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ جلد ہی پاکستان کے کھلاڑی عالمی سطح پر کھیلتے نظر آئیں گے۔

گالف کی خاتون کھلاڑی کیپٹن فائزہ نقوی نے کہا کہ ایونٹ کے 600 کھلاڑیوں میں 30 خواتین کھلاڑی بھی شامل ہیں۔ جس سے مزید خواتین کو گالف کی طرف آنے کا موقع ملے گا۔

Facebook Comments Box