کوپا امریکا اور یورو کپ، اسٹار پلیئرز کا امتحان

کوپا امریکا میں برازیل کا مقابلہ ارجنٹنا سے ہوگا، یورو کپ میں انگلینڈ اور اٹلی مد مقابل ہوں گے۔

دنیائے فٹبال کے دو بڑے ایونٹس کوپا امریکا اور یورو کپ کے فائنل اتوار کے روز کھیلے جائیں گے۔ کوپا امریکا میں برازیل کا مقابلہ ارجنٹنا سے ہوگا جبکہ یورو کپ میں انگلینڈ اور اٹلی مد مقابل ہوں گے۔

دنیا میں سب سے زیادہ دیکھے جانے والے کھیل فٹبال کے دو بڑے ایونٹس اپنے اختتام کو پہنچنے والے ہیں۔ کوپا امریکا کا فائنل برازیل کے شہر ريو ڈی جنيرو میں پاکستانی وقت کے مطابق اتوار کی صبح 6 بجے کھیلا جائے گا۔ یورو کپ کا فائنل آج رات 12 بجے برطانیہ کے ویمبلے اسٹیڈیم میں ہوگا۔

دونوں ایونٹس کے فائنل میں لوگوں کی دلچپسی اس لیے بھی بڑھ گئی ہے کہ ایونٹس کے فائنل میں پہنچنے والی ٹیمز میں اسٹار پلیئرز ایک دوسرے کے مدمقابل ہوں گے۔ کوپا امریکا کے فائنل میں ارجنٹینا کے اسٹار پلیئر لیونل میسی کے پاس یہ پہلا موقع  ہے کہ وہ اپنے ملک کو کسی بڑے ایونٹ میں کامیابی دلوائیں۔ لیونل میسی اپنے کلب بارسلونا کو بڑی کامیابیاں دلوا چکے ہیں لیکن اپنے ملک ارجنٹینا کو فٹبال کے کسی بڑے ایونٹ میں فتح نہیں دلوا سکے۔

یہ بھی پڑھیے

یورو کپ سے باہر ہونے کے بعد فرانس کے فٹبالرز اسکینڈل کی زد میں

کوپا امریکا کے فائنل میں ارجنٹنا کے مدمقابل برازیل کے کھلاڑی بھی اپنے ٹیم کی کامیابی کے لیے کافی پرجوش ہیں۔ برازیل کے اسٹار پلیئر نیمار کا کہنا ہے کہ وہ اپنے روایتی حریف کو روکنے کا انتظام کر چکے ہیں، فائنل کا ٹائٹل برازیل کے نام ہی ہوگا۔

اسی طرح یوروکپ کے فائنل میں انگلینڈ کے اسٹار پلیئرز رحیم اسٹرلنگ، کیلی واکراور ہیری کین کو اپنی حریف ٹیم اٹلی کے لیونارڈو بونسی اور جورجیو چیلنی سے مقابلہ کرتے ہوئے دیکھا جائے گا۔

دونوں ایونٹس کے فائنل میچز کی ٹکٹس فروخت ہوچکی ہیں جبکہ شائقین کو اسٹیڈیم میں ایس او پیز پر عمل درآمد کرنے کا پابند کیا گیا ہے۔ انگلینڈ کی ٹیم 1966 کے بعد فٹبال کے کسی بڑے ایونٹ کے فائنل میں پہنچی ہے۔ انگلینڈ کے یورو کپ کے فائنل میں پہنچنے پر بڑی تعداد میں ٹکٹ بلیک میں فروخت ہونے کا بھی انکشاف ہوا ہے۔

متعلقہ تحاریر