تیسرا ون ڈے، پاکستان کے سر پر وائٹ واش کا خطرہ منڈلانے لگا

انگلینڈ کو پاکستان کرکٹ ٹیم کے خلاف 3 ون ڈے میچز کی سیریز میں 0-2 کی فیصلہ کن برتری حاصل ہے۔

پاکستان اور انگلینڈ کی کرکٹ ٹیموں کے درمیان تیسرا اور سیریز کا آخری ون ڈے میچ آج برمنگھم کے تاریخی میدان میں کھیلا جائے گا۔ پاکستان کرکٹ ٹیم پر وائٹ واش کا خطرہ منڈلانے لگا ہے تاہم خود کو اس داغ سے بچانے کے لیے قومی ٹیم کو بھرپور کارکردگی دکھانا ہوگی۔

پاکستان اور انگلینڈ کی کرکٹ ٹیموں کے درمیان تیسرا ون ڈے انٹرنیشنل میچ پاکستانی وقت کے مطابق 5 بچے شروع ہوگا۔ ابتدائی دو میچز میں کامیابی کے بعد انگلش کرکٹ ٹیم کو پاکستان کے خلاف فیصلہ کن برتری حاصل ہے۔

یہ بھی پڑھیے

خاتون امپائر ماریجہ سائیک نے ومبلڈن میں تاریخ رقم کردی

پاکستان کرکٹ ٹیم اور انگلش ٹیم اتوار کے روز لندن سے برمنگھم پہنچی تھیں۔ ٹیم پاکستان نے آخری ون ڈے میں انگلینڈ کو ہرانے اور وائٹ واش سے بچنے کے لیے ایجبسٹن کرکٹ گراؤنڈ میں بھرپور پریکٹس سیشن کیا۔ کھلاڑیوں نے بیٹنگ ، باؤلنگ اور فیلڈنگ پر بھرپور توجہ دی۔

ابتدائی دو میچز میں ناکامی کے بعد پاکستان کی جانب سے آخری ون ڈے میچ کے لیے 2 سے 3 تبدیلیاں متوقع ہیں۔

پاکستان اور انگلینڈ کرکٹ ٹیموں کے درمیان پہلا میچ جمعرات کے روز 8 جولائی کو کارڈف میں کھیلا گیا تھا۔ پاکستان کی پوری ٹیم 35.2 اوورز میں 141 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی تھی۔ جواب میں انگلش ٹیم نے 142 رنز کا ہدف صرف 21.5 اوورز میں ایک وکٹ کے نقصان پر پورا کرلیا تھا۔

دوسرا ون ڈے انٹرنیشنل پاکستان اور انگلش کرکٹ ٹیموں کے درمیان ہفتے کے روز 10 جولائی کو لارڈز کے تاریخی گراؤنڈ میں کھیلا گیا تھا، تاہم اس مرتبہ پاکستان نے ٹاس جیت کر انگلینڈ کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی تھی۔ انگلینڈ کی پوری ٹیم 45.2 اوورز میں 247 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی تھی جواب میں پاکستان کی ساری ٹیم 41 اوورز میں 195 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی تھی۔

ون ڈے سیریز کے بعد پاکستان اور انگلینڈ کرکٹ ٹیموں کے درمیان 3 میچز پر مشتمل ٹی 20 سیریز کا پہلا میچ 16 جولائی کو کھیلا جائے گا۔

دوسری جانب ویسٹ انڈیز ٹیم نے آسٹریلیا کو ٹی ٹوئنٹی سیریز میں شکست دے کر پاکستان کرکٹ ٹیم کے خطرے کی گھنٹی بجا دی ہے۔

متعلقہ تحاریر