بابر اعظم اپنی کلاس آپ ہیں

قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے 81 اننگز میں 14 سنچریاں بنا کر نیا عالمی ریکارڈ قائم کردیا ہے۔

نوجوان کھلاڑیوں پر مشتمل انگلش کرکٹ ٹیم نے پاکستان کی ایک طاقت ور ٹیم کو 3 میچز کی ون ڈے سیریز میں وائٹ واش کردیا ہے، تاہم قومی ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے اپنی کلاس ایک بار پھر سے ثابت کردی ہے کہ وہ کیوں دنیا کے نمبر ایک بلے باز ہیں۔ بابراعظم نے انگلینڈ کے خلاف شاندار کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے ایک روزہ کیریئر کی بہترین اننگز کھیلی، انہوں نے 158 رنز اسکور کیے جس میں 4 چھکے اور 14 چوکے شامل ہیں۔

پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے گزشتہ روز انگلینڈ کے خلاف کھیلتے ہوئے 158 رنز اسکور کیے، اس طرح یہ ان کی 14 سنچری ہے جو انہوں نے 81 اننگز کھیل کر بنائی ہے۔

یہ بھی پڑھیے

انگلینڈ کے سیاہ فام فٹبالرز کو نسلی تعصب کا سامنا

اس سے قبل آسٹریلیا کی میگ لیننگ نے 82 اننگز، جنوبی افریقہ کے ہاشم آملہ نے 84 اننگز، آسٹریلیا کے ڈیوڈ وارنر نے 98 اننگز اور انڈین ٹیم کے کپتان ویرات کوہلی نے 103 اننگز میں 14 سنچریاں اسکور کر رکھی ہیں۔

کھیلوں کے صحافی فیضان لاکھانی نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر پیغام شیئر کرتے ہوئے لکھا ہے کہ بابر اعظم کے 158 رنز کسی بھی کپتان کے انگلش ٹیم کے خلاف سب سے زیادہ اسکور ہیں اس سے قبل یہ اعزاز شعیب ملک کے پاس تھا جنہوں نے 125 رنز اسکور کیے تھے۔

50 اوورز کے میچ میں بابر اعظم کے 158 رنز کسی بھی پاکستانی کھلاڑی کے انگلش ٹیم کے خلاف سب سے زیادہ اسکور ہیں۔ اس سے قبل یہ ریکارڈ کرکٹر امام الحق کے پاس تھا انہوں نے 2019 میں انگلینڈ کے خلاف 151 رنز اسکور کیے تھے۔

یہ ریکارڈ بھی بابر اعظم کو جاتا ہے کہ انہوں نے انگلش ٹیم کے خلاف دو طرفہ سیریز میں کسی بھی کپتان سے سب سے زیادہ اسکور کیے ہیں۔

بابر اعظم 38 سالوں میں انگلینڈ میں ون ڈے انٹرنیشنل میچ میں 100 رنز بنانے والے پہلے پاکستانی کپتان بن گئے ہیں اس سے قبل یہ اعزاز 1983 میں عمران خان نے بنایا تھا۔

گلوکار عاصم اظہر نے قومی ٹیم کے کپتان بابر اعظم کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر پیغام شیئر کرتے ہوئے لکھا ہے کہ ان کی عظمت پر کوئی شک نہیں۔

کرکٹ کے ایک لوور جہانزیب نے بابر اعظم کو کھیل کا بادشاہ قرار دیتے ہوئے ٹوئٹر پر پیغام شیئر کرتے ہوئے لکھا ہے کہ "پہلی ففٹی 72 گیندوں پر، دوسری ففٹی 32 گیندوں پر تیسری ففٹی 30 گیندوں پر بنائی۔”

متعلقہ تحاریر