ٹوکیو اولمپکس میں ایتھلیٹس کو کرونا سے متعلق ہدایات جاری

اولمپکس ولیج میں روزانہ کی بنیاد پر ایتھلیٹس کا کرونا ٹیسٹ کیا جائے گا۔

کرونا وائرس نے دنیا بھر میں زندگی بسر کرنے کے طور طریقوں کو یکسر تبدیل کردیا ہے۔ کھیلوں کے میدان کو آباد کرنے کے لیے نئے انداز اپنائے جارہے ہیں۔ عالمی وبا کے دوران جاپان میں ہونے والے ٹوکیو اولمپکس میں ایتھلیٹس کے لیے بھی نئی ہدایات جاری کردی گئی ہیں۔

اولمپکس شروع ہونے سے قبل ٹوکیو میں کرونا ایمرجنسی نافذ کردی گئی ہے اس لیے انتظامیہ نے مختلف کھیلوں میں شرکت کرنے والے ایتھلیٹس کو کرونا سے بچاؤ کے ایس او پیز پر سختی سے عملدرآمد کرنے کی ہدایات جاری کی ہیں۔ انتظامیہ کا کہنا ہے کہ کرونا کے حوالے سے کوئی بھی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔

خبررساں اداروں کے مطابق اولمپکس ولیج میں آنے سے قبل ایتھلیٹس کو کرونا کی منفی رپورٹ دکھانا لازمی ہوگی۔ ولیج میں روزانہ کی بنیاد پر کرونا ٹیسٹ بھی کیا جائے گا۔ انتظامیہ کا کہنا ہے کہ ولیج میں آنے والے ایتھلیٹس کو صرف مقابلوں کے لیے ہی باہر جانے کی اجازت دی جائے گی۔ ماسک کے استعمال کو لازمی قرار دیا گیا ہے۔

یہ بھی پڑھیے

ٹوکیو اولمپکس میں تماشائیوں پر پابندی، 40ہزار ڈالرز کے خواب چکناچور

انتظامیہ کا کہنا ہے کہ ٹوکیو اولمپکس کے دوران ایتھلیٹس کے ولیج سے باہر جانے اور پبلک ٹرانسپورٹ کے استمعال پر پابندی لگادی گئی ہے۔ تمام کھلاڑیوں کو اپنے میچز سے صرف 5 دن پہلے ہی ولیج میں آنے کی اجازت ہوگی اور میچ ختم ہونے کے 48 گھنٹوں کے بعد انہیں واپس جانا ہوگا۔

ٹوکیو اولمپکس 2020 کے مقابلے رواں ماہ کی 23 تاریخ سے شروع ہورہے ہیں جو 8 اگست تک جاری رہیں گے۔ واضح رہے کہ کرونا وبا کے باعث گزشتہ سال اولمپکس کو ملتوی کیا گیا تھا۔

متعلقہ تحاریر