عبدالرزاق کا خاتون کرکٹر ندا ڈار کی جسامت پر نامناسب تبصرہ

سابق کرکٹر عبدالرزاق کا کہنا ہے کہ ندا ڈار سے مصافحہ کریں تو نسوانیت کا احساس تک نہیں ہوگا۔

قومی کرکٹ ٹیم کے سابق آل راؤنڈر عبدالرزاق نجی ٹی وی کے پروگرام میں  ویمن کرکٹر نداڈار کے بارے میں سطحی گفتگو کرنے پر سوشل میڈیا پر تنقید کی زد میں آگئے۔

سابق ٹیسٹ کرکٹر عبدالرزاق اور ویمن کرکٹ ٹیم کی کھلاڑی ندا ڈار نے گزشتہ ماہ نیو نیوز پر نعمان اعجاز کے شو میں شرکت کی تھی۔انٹرویو کے دوران شادی سے متعلق سوال پر ندا ڈار نے کہا کہ خواتین کھلاڑی شادی سے پہلے زیادہ سے زیادہ کرکٹ کھیلنا چاہتی ہیں کیونکہ پتہ نہیں ہوتا کہ شادی کے بعد کیا ہوگا۔

اس دوران عبدالرزاق نے لقمہ دیا کہ خواتین کھلاڑیوں کی کبھی شادی نہیں ہوتی۔ ان کی فیلڈ ایسی ہے کہ کرکٹر بننے کے بعد یہ مرد کھلاڑیوں کے جیسا بننے کی کوشش کرتی ہیں اور ثابت کرنا چاہتی ہیں کہ صرف مرد ہی نہیں یہ بھی سب کچھ کرسکتی ہیں۔ اس چکر میں ان کے جذبات ختم ہوجاتے ہیں۔ عبدالرزاق نے اپنی بات کو آگے بڑھاتے ہوئے کہا کہ آپ ان سے مصافحہ کرکے دیکھ لیں آپ کو نسوانیت کا احساس تک نہیں ہوگا۔

اس دوران  ندا ڈار نے وضاحت کی کہ ہمارا پیشہ ایسا ہے کہ ہمیں ایکسرسائز، بیٹنگ ،بالنگ اورفیلڈنگ  کے لیے مشقت کرنا پڑتی ہے۔ اس دوران عبدالرزاق پھر بیچ میں بولے کہ ان کے بالوں کا اسٹائل دیکھ لیں یہ  عورت نہیں لگتیں۔ شو کے دوران میزبان نعمان اعجاز اور ساتھی میزبانوں میں سے کسی نے بھی عبدالرزاق کی بات پر اعتراض نہیں کیا بلکہ سب قہقہے لگاتے رہے جبکہ خاتون کرکٹر بے بس نظر آئیں۔

ویڈیو کلپ کے وائرل ہونے کے بعد سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے پروگرام کے شرکاء اور خصوصی طور پر سابق کرکٹر عبدالرزاق کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا جارہا ہے۔

یہ بھی پڑھیے

ٹوکیو اولمپکس میں ایتھلیٹس کو کرونا سے متعلق ہدایات جاری

متعلقہ تحاریر