پاک انگلینڈ ٹی ٹوئنٹی سیریز، قومی ٹیم کے لیے امتحان

انجری کے باعث فاسٹ بالر حسن علی قومی ٹیم کو دستیاب نہیں ہوں گے۔

تین ون ڈے میچز کی سیریز کے بعد پاکستان اور انگلینڈ آج پہلے ٹی ٹوئنٹی میچ میں مدمقابل ہوں گے۔ انجری کے باعث فاسٹ بولر حسن علی میچ کا حصہ نہیں ہوں گے۔ کرونا ٹیسٹ کی رپورٹ منفی آنے پر انگلینڈ کے تمام سینئر کھلاڑیوں نے اپنی ٹیم کو جوائن کرلیا ہے۔

کلین سوئپ کے بعد قومی کرکٹ ٹیم آج ٹرینٹ برج میں انگلینڈ کے خلاف ٹی ٹوئنٹی میچ کھیلے گی۔ تین میچز پر مشتمل سیریز کا پہلا میچ پاکستانی وقت کے مطابق رات ساڑھے 10 بجے کھیلا جائے گا۔

پاکستان کرکٹ بورڈ نے حسن علی سے متعلق بیان جاری کیا جس میں بتایا گیا ہے کہ بائیں ٹانگ میں کھنچاؤ کے باعث فاسٹ بالر کو ڈاکٹرز نے آرام کا مشورہ دیا ہے۔ دوسرے میچ میں حسن علی کی شرکت کا فیصلہ میڈیکل بورڈ کی اجازت کے بعد کیا جائے گا۔ پاکستان کے لیے ایک بڑا چیلنج یہ بھی ہے کہ انگلینڈ کے کرونا وائرس میں مبتلا ہونے والے 9 کھلاڑیوں کے ٹیسٹ منفی آگئے ہیں اور انہیں ٹیم میں شامل کرلیا گیا ہے۔

سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر پیغام جاری کرتے ہوئے انگلینڈ کرکٹ بورڈ نے کہا ہے کہ کرونا سے صحتیابی کے بعد ٹی ٹوئنٹی سیریز میں انگلش ٹیم کی قیادت این مورگن کریں گے۔ اسی طرح معین علی، جونی بیئر اسٹو، جیک بال، ٹوم بنٹن، جوز بٹلر کی بھی ٹیم میں واپسی ہوئی ہے.

یہ بھی پڑھیے

انگلینڈ کے 7 کرکٹرز کرونا وائرس میں مبتلا

پاکستان اور انگلینڈ مجموعی طور پر 18 ٹی ٹوئنٹی میچز میں مدمقابل آئے اور انگلش ٹیم کا پلڑا بھاری رہا ہے۔ انگلینڈ نے 11 میچز میں کامیابی حاصل کی جبکہ پاکستان 4 میچز جیت سکا اور 2 میچز بلا نتیجہ رہے۔ اس وقت آئی سی سی کی ٹی ٹوئنٹی رینکنگ میں انگلینڈ پہلے اور پاکستان چوتھے نمبر پر موجود ہے۔

واضح رہے کہ انگلینڈ نے ون ڈے سیریز میں پاکستان کو وائٹ واش کرتے ہوئے سیریز 0-3 سے اپنے نام کرلی تھی۔ انگلینڈ کی ٹیم میں اہم کھلاڑیوں کی عدم موجودگی کے باوجود شکست پر قومی ٹیم کو سخت تنقید کا سامنا کرنا پڑا۔

متعلقہ تحاریر