اولمپکس 2020، پاکستان کی ہاکی ٹیم کہاں رہ گئی؟
پاکستان کے 10 رکنی دستے میں ہاکی کا کوئی کھلاڑی شامل نہیں ہے۔

کھیلوں کے سب سے بڑے میلے اولمپکس 2020 کا آغاز ہوگیا ہے جس میں پاکستان کے صرف 10 رکنی دستے نے حصہ لیا ہے۔ ملک میں کھیلوں کو فروغ نہ ملنے کے باعث اس مرتبہ ہاکی کا کوئی کھلاڑی اولمپکس میں شامل نہیں ہے۔
جاپان کے شہر ٹوکیو میں رنگا رنگ افتتاحی تقریب کے ساتھ اولمپکس کے مقابلے شروع ہوگئے ہیں جس میں پاکستان سمیت دنیا بھر کے ایتھلیٹس نے شرکت کی ہے۔ پاکستانی ایتھلیٹس میں ہاکی ٹیم کے کھلاڑی شامل نہ ہونے پر شائقین مایوسی کا اظہار کررہے ہیں۔ دنیا کی پانچویں بڑی آبادی رکھنے والے ملک پاکستان کی طرف سے صرف 10 رکنی دستہ ہی اولمپکس میں بھیجا گیا ہے جس پر پاکستان تنقید کی زد میں ہے۔ شائقین کا کہنا ہے محض 10 ایتھلیٹس کی شرکت سے پاکستان میں کھیلوں کے فروغ کا اصل چہرا سامنے آیا ہے۔
دیکھا جائے تو ہاکی کے کھیل میں پاکستان نے ہمیشہ قوم کا سر فخر سے بلند کیا ہے۔ ماضی میں اولمپکس کے کھیلوں میں پاکستان ہاکی میں ہی میڈلز اپنے نام کرتا تھا۔ لیکن، اس مرتبہ آخری دو مقابلوں میں پاکستان ہاکی کے لیے کوالیفائی نہ کرسکا جس پر قومی کھیل کے زوال پذیر ہونے کا پول کھل گیا ہے۔
سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر ایک صارف نے لکھا کہ اولمپکس میں پاکستانی دستہ روایتی طور پر کپتان ہاکی ٹیم کی قیادت میں افتتاحی تقریب میں شریک ہوتا تھا لیکن اب ہمیں ایسا دیکھنے کو نہیں ملا۔ انہوں نے مزید لکھا کہ ہمیں ہاکی میں گولڈ میڈل جیتے 3 عشرے گزر گئے ہیں۔
اولمپکس میں پاکستانی دستہ روایتی طور پر کپتان قومی ہاکی ٹیم کی قیادت میں افتتاحی تقریب میں شریک ہوتا تھا۔
آخری دو مقابلوں میں پاکستان ہاکی کے مقابلوں کیلئے کوالیفائی نہ کرسکا اور پاکستانی پرچم دیگر کھیلوں کے کھلاڑیوں نے اٹھایا۔
میڈل جیتے ہوئے تین عشرے بیت گئے ہیں#Olympics pic.twitter.com/8RLSqeEVsL— Farhan Nisar (@farhanwrites) July 23, 2021
یہ بھی پڑھیے
ٹوکیو اولمپکس میں خواتین ایتھلیٹس کی تعداد زیادہ کیوں؟
واضح رہے کہ پاکستانی وفد میں 10 ایتھلیٹس کے ہمراہ 12 آفیشلز بھی شامل ہیں۔ پاکستان کا دستہ 6 کھیلوں، سوئمنگ، جوڈو، ویٹ لفٹنگ، شوٹنگ، بیڈمنٹن اور ایتھلیٹکس میں حصہ لے گا جس کے لیے کھلاڑی پرامید نظر آرہے ہیں۔