کوچ کی لائیو شو میں خاتون اولمپیئن کو شادی کی پیشکش

ماریہ بیلن نے لائیو ٹی وی کیمروں کے سامنے شادی کے لیے رضامندی ظاہر کردی۔

ارجنٹینا کی خاتون اولمپیئن ماریہ بیلن کو ان کے کوچ نے میڈیا ٹاک کے دوران شادی کی پیشکش کردی۔ حیران ایتھلیٹ نے لائیو پروگرام میں شادی کے لیے ہاں بھی کردی۔

ٹوکیو اولمپکس میں ایک طرف تمغوں کی دوڑ جاری ہے تو دوسری جانب شہنائیوں کی آواز بھی سنائی دینے لگی ہے۔ ارجنٹینا سے تعلق رکھنے والی خاتون اولمپیئن ماریہ بیلن کو ان کے طویل المدتی ساتھی اور کوچ نے لائیو میڈیا ٹاک کے دوران شادی کی پیشکش کردی۔

خاتون کھلاڑی اپنے تیسرے اولمپکس میں فینسنگ کے پہلے دور سے باہر نکل جانے کے بعد مایوس ہوکر صحافیوں کے سوالات کا جواب دے رہی تھیں کہ ان کے عقب میں کوچ لوکاس سوسیڈو اپنے ہاتھ میں کاغذ کا ٹکڑا لیے کھڑے دکھائی دیئے، جس پر ماریہ بیلن کو مخاطب کرتے ہوئے لکھا ہوا تھا کہ کیا آپ مجھ سے شادی کریں گی؟ اس تحریر کو پڑھ کر صحافی ہنسنے لگے جس پر ماریہ نے پیچھے مڑ کر دیکھا اور وہ حیران ہوگئیں۔ خاتون نے خوشی خوشی فوراً شادی کے لیے ہاں کردی۔

یہ بھی پڑھیے

ٹوکیو اولمپکس میں ایک ملک کی 2 ایتھلیٹس مدمقابل

ماریہ بیلن نے فوٹو شیئرنگ ایپ انسٹاگرام پر پوسٹ میں لکھا کہ انہیں اس اہم موقعے پر اپنے جذبات بیان کرنے کے لیے الفاظ نہیں مل رہے تھے۔ خاتون ایتھلیٹ نے بتایا کہ ان کا اپنے کوچ سے 17 سال پرانا تعلق ہے اور اب وہ دونوں اس خوشی کے موقعے کو بھرپور انداز میں منائیں گے۔

یہاں یہ بات قابل ذکر ہے کہ کوچ لوکاس سوسیڈو نے 2010 میں بھی پیرس چیمپئن شپ کے دوران ماریہ کو کچھ اسی طرح شادی کی پیشکش کی تھی لیکن اس وقت انہوں نے انکار کردیا تھا۔ تاہم 11 سال بعد خاتون کھلاڑی کا انکار اقرار میں تبدیل ہوگیا۔

Facebook Comments Box