پاک نیوزی لینڈ کرکٹ سیریز، اہم کیوی کھلاڑیوں کے نہ ہونے پر شائقین برہم

شائقین کا کہنا ہےکہ پاکستان ایک اہم ٹیم ہے اور ٹی ٹوئنٹی سیریز میں نمایاں مقام رکھتی ہے

نیوزی لینڈ نے پاکستان کے خلاف ون ڈے اور ٹی ٹوئنٹی سیریز کے لیے اسکواڈ کا اعلان کردیا ہے۔ 18 سال  بعد پاکستان کا دورہ کرنے والی کیوی ٹیم میں کپتان کین ولیمسن سمیت دیگر سینئر کھلاڑیوں کے بجائے نئے کھلاڑیوں کو بھیج  دیا  گیا۔ شائقین کرکٹ کا کہنا ہے کہ کیوی بورڈ اسکواڈ پر نظرثانی کرکے سینئر کھلاڑیوں کو پاکستان بھیجے تاکہ اچھی کرکٹ دیکھنے کو ملے۔

نیوزی لینڈ کی کرکٹ ٹیم 5 ٹی ٹوئنٹی اور 3 ون ڈی میچز میں قومی ٹیم  کے مدمقابل آئے گی۔ پاکستان کے خلاف نیوزی لینڈ نے اپنے اسکواڈ کا اعلان کردیا ہے۔ کیوی ٹیم نے کین ولیمسن کے بجائے ٹام لیتھم کو ٹی ٹوئنٹی کا کپتان مقرر کیا ہے۔ نیوزی لینڈ کے دیگر کھلاڑیوں میں فن ایلن، ٹوڈ ایسٹل، بینٹ، بلنڈل، کولن ڈی گرینڈ ہوم شامل ہیں۔ ٹیم میں ایش سودھی مارٹن گپٹل، میٹ ہینری، ڈیرل مچل، اعجاز پٹیل، بین سیئرز، بلیئر ٹیکنر، ول ینگ اور مارک چیمپن بھی موجود ہیں۔

نیوزی لینڈ نے پاکستان کے خلاف ون ڈے سیریز میں بھی ٹام لیتھم کو کپتان برقرار رکھا ہے. ون ڈے اسکواڈ میں فن ایلن، ہمیش بینٹ، ٹام بلنڈل، ڈگ بریسول، جیکب ڈیفی، کولن ڈی گرینڈ ہوم، سکاٹ کوگلجن، میٹ ہینری، کول میکونچی، ہینری نکولس، اعجاز پٹیل، رچن ریوندرا، بلیئر ٹکنر اور وِل ینگ شامل ہیں۔

پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان ٹی ٹوئنٹی سیریز 25 ستمبر سے 3 اکتوبر تک جاری رہے گی جبکہ ون ڈے میچز 17، 19 اور 21 ستمبر کو کھیلے  جائیں گے۔ پاکستان میں اس مرتبہ ٹی ٹوئنٹی میچز قذافی اسٹیڈیم لاہور میں کھیلے جائیں گے جبکہ دونوں ٹیموں کے درمیان ون ڈے سیریز راولپنڈی میں ہوگی۔

یہ بھی پڑھیے

نیوزی لینڈ کرکٹ ٹیم کا 18سال بعد پاکستان آنے کا فیصلہ

دونوں ٹیموں کے درمیان ون ڈی اور ٹی ٹوئنٹی میچز انتہائی اہمیت کے حامل ہیں، ون ڈے میچز کی سیریز پاکستان اور نیوزی لینڈ کے لیے آئی سی سی ورلڈ کپ  میں رسائی کے لیے اہم ہوگی۔

رواں سال ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ سے قبل ہونے  والی گرین شرٹس اور کیوی کے مابین 5 ٹی ٹوئنٹی  انٹرنیشنل میچز کی سیریز بھی اہم ہوگی۔ پاکستان کے پاس ٹی ٹوئنٹی سیریز جیت کر رینکنگ میں تیسری پوزیشن حاصل کرنے کا بھی سنہری موقع ہے۔

نیوزی لینڈ بورڈ کی طرف سے پاکستان کا دورہ کرنے والی ٹیم میں سینئر کھلاڑیوں کو شامل نہ کرنے پر شائقین کرکٹ نے مایوسی کا اظہار کیا ہے۔ شائقین کا کہنا ہے کہ پاکستان ایک اہم ٹیم ہے اور خاص  طور پر ٹی ٹوئنٹی  سیریز  میں  نمایاں  مقام  رکھتی  ہے، اس  لیے  نیوزی لینڈ کی ٹیم میں سینئر کھلاڑیوں کو بھی شامل کیا جائے تاکہ کانٹے  کا  مقابلہ  ہو۔

متعلقہ تحاریر