نوین پٹنائک نے بھارتی ہاکی ٹیم کو چیمپیئن کیسے بنایا؟

ریاست اڑیسہ کے وزیراعلیٰ نے ملک میں ہاکی کو فروغ دینے میں اہم کردار ادا کیا۔

ٹوکیو اولمپکس میں انڈین ہاکی ٹیم کی شاندار کارکردگی پر ریاست اڑیسہ کے وزیراعلیٰ نوین پٹنائک کو خراج تحسین پیش کیا جارہا ہے۔ بھارتی  وزیراعلیٰ کے کھیلوں کو فروغ دینے پر پاکستانی عوام کی  نظریں  اپنے  وزرا اعلیٰ کی  طرف دیکھ  رہی  ہیں۔

ٹوکیو اولمپکس میں بھارت کی مین اور وومین ہاکی ٹیمز نے 41 سالوں بعد اہم  کامیابیاں حاصل کی ہیں، بھارتی مین ہاکی ٹیم نے کانسی کا تمغہ اپنے نام کیا جبکہ وومین ہاکی ٹیم بھی شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے سیمی فائنل تک پہنچی۔

اولمپکس میں ایک لمبے عرصے کے بعد بھارتی ہاکی ٹیم کی شاندار کارکردگی پر میڈیا اور عوام ہاکی کے کھلاڑیوں اور  اڑیسہ کے وزیراعلیٰ نوین پٹنائک کو خراج تحسین پیش کررہے ہیں۔ وزیراعلیٰ نے گزشتہ کئی سالوں سے اپنی ریاست میں ہاکی کو فروغ دینے میں اہم کردار ادا کیا  ہے۔

بھارتی میڈیا کا کہنا ہے کہ اڑیسہ کی حکومت نے “ہاکی انڈیا” کے ساتھ شراکت داری کرکے بھارت کے قومی کھیل کی بحالی میں کلیدی کردار ادا کیا۔  نوین پٹنائک اسکول کے زمانے میں ہاکی ٹیم کے گول کیپر تھے۔ وہ آج تک ہاکی کا کوئی میچ نہیں چھوڑتے، ان کی ہاکی سے محبت اور ان کی کوششوں کی بدولت ہی بھارتی ہاکی ٹیم نے شاندار کارکردگی دکھائی۔

یہ بھی پڑھیے

اولمپکس 2020، پاکستان کی ہاکی ٹیم کہاں رہ گئی؟

بھارتی میڈیا کے مطابق ٹوکیو اولمپکس میں بھارت کی حالیہ کامیابی کے بعد وزیراعلیٰ نے اڑیسہ کے مختلف شہری اور دیہی علاقوں میں مزید 89 انڈور اسٹیڈیم تعمیر کروانے کا اعلان کیا ہے۔

بھارت میں وزیرعلیٰ کی ہاکی میں دلچسپی اور اسے دوبارہ پروان چڑھانے میں اہم کردار ادا کرنے پر پاکستان میں شائقین کھیل ہمارے وزرا اعلیٰ کو ان سے سبق حاصل کرنے کا مشورہ دے رہے ہیں۔ شائقین کا کہنا ہے کہ بھارت میں ایک وزیراعلیٰ قومی کھیل کو فروغ دینے میں اہم کردار ادا کرسکتا  ہے تو پھر ہمارے وزرا اعلیٰ اس قسم کی کوششیں کیوں نہیں کرتے۔

Facebook Comments Box