شان سے متعلق بیان پر اینکر شعیب جٹ تنقید کی زد میں

اسپورٹس اینکر نے کے پی ایل میں برانڈ ایمبیسیڈر شان کو سب سے مہنگا کھلاڑی قرار دیا ہے۔

اے آر وائی نیوز کے صحافی اور اینکر پرسن شعیب جٹ نے کشمیر پریمیئر لیگ کے برانڈ ایمبیسیڈر اداکار شان شاہد کو ٹورنامنٹ کا سب سے مہنگا کھلاڑی قرار دے دیا جس پر صارفین انہیں تنقید کا نشانہ بنا رہے ہیں۔

کشمیر پریمیئر لیگ گزشتہ روز اپنے اختتام کو پہنچی۔ فائنل میچ میں شاہد آفریدی کی راولا کوٹ ہاکس نے مظفرآباد ٹائیگرز کو 7 رنز سے شکست دے کر ٹائٹل اپنے نام کیا۔

ایک طرف جہاں پہلی بار کھیلی گئی کشمیر پریمیئر لیگ میں شائقین آزاد کشمیر کے اونچے پہاڑوں کے درمیان قائم گراؤنڈ کی خوبصورتی اور کرکٹرز کی تعریف کرتے دکھائی دیے وہیں اے آر وائی نیوز کے اینکرپرسن شعیب جٹ نے لیگ کے برانڈ ایمبیسیڈر اداکار شان شاہد کو سب سے مہنگا کھلاڑی قرار دیا۔

سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر شعیب جٹ نے لکھا کہ کیا آپ کو معلوم ہے کہ اداکار شان کشمیر پریمیئر لیگ کے سب سے مہنگے کھلاڑی تھے، وہ کے پی ایل کی فرنچائز سے بھی مہنگے ثابت ہوئے۔

یہ بھی پڑھیے

آئی سی سی کی کرکٹ کو اولمپکس میں شامل کروانے کی کوششیں

اینکر پرسن کی ٹوئٹ پر چند صارفین نے لکھا کہ آپ کو ٹوئٹ میں وضاحت کرنی چاہیے تھی کہ اداکار کس طرح مہنگے ثابت ہوئے ہیں۔ کیا انہوں نے فرنچائز سے کوئی کھیل کھیلا ہے؟

ٹوئٹر صارفین نے شعیب جٹ پر تنقید کرتے ہوئے لکھا کہ وہ ادھوری بات  کرکے اداکار پر کوئی بڑا الزام لگانا چاہتے ہیں، ایک صحافی کو اپنی صحافتی ذمہ داری ادا کرتے ہوئے پورا سچ بیان کرنا چاہیے۔

Facebook Comments Box