ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ ٹرافی کے ورچوئل ٹور کا آغاز

آئی سی سی کے مطابق کرونا وائرس کے باعث ٹرافی کا مختلف ممالک کا ٹور ممکن نہیں تھا۔

دنیا بھر میں کرونا کی وبا کے باعث انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2021 کی ٹرافی کا ٹور ورچوئل کردیا ہے۔ ویسٹ انڈیز کے اسٹار پلیئر کارلوس بریتھ ویٹ نے نظم پڑھ کر ٹرافی ٹور کا آغاز کیا۔

کرونا وائرس کے باعث دنیا بھر میں سماجی زندگی کے ساتھ ساتھ کھیلوں کے طور طریقے بھی تبدیل ہورہے ہیں۔ آئی سی سی کی جانب سے کرکٹ کے کسی بھی ورلڈکپ سے قبل اس کی ٹرافی نمائندہ ممالک میں بھیجی جاتی ہے لیکن اس مرتبہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کی ٹرافی کا سفر ورچوئل کردیا گیا ہے۔

ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2016 میں ویسٹ انڈیز کی کامیابی میں اہم کردار ادا کرنے والے کھلاڑی کارلوس بریتھ ویٹ نے نظم پڑھ کر ٹرافی کے ورچوئل ٹور کی شروعات کی۔ ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے ٹوئٹر ہینڈل پر جاری کی گئی ویڈیو میں کرکٹ کے نامور کھلاڑیوں کو ایکشن میں دکھایا گیا ہے۔

اس حوالے سے آئی سی سی حکام کا کہنا ہے کہ مختلف ممالک میں کرونا وائرس کے کیسز کی تعداد میں اضافہ ہورہا ہے۔ اس صورتحال میں مختلف ممالک میں ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ ٹرافی کا ٹور ناممکن تھا۔

یہ بھی پڑھیے

ٹی ٹوئنٹی کرکٹ ورلڈ کپ انڈیا سے عمان منتقل

آئی سی سی حکام کے مطابق دنیا بھر سے شائقین کرکٹ اب سوشل میڈیا پلیٹ فارم سے ٹرافی ٹور میں شامل ہوسکتے ہیں۔ صرف یہی نہیں بلکہ شائقین ٹرافی سے متعلق اپنی رائے کا  اظہار بھی کر سکتے ہیں۔

آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ رواں برس 17 اکتوبر سے بھارت کی میزبانی میں متحدہ عرب امارات میں شروع ہوگا۔ آئی سی سی کی جانب سے ورلڈ کپ کا شیڈول بھی جاری کردیا گیا ہے۔

متعلقہ تحاریر