لوٹ کے بدھو پاکستان کو آئے ۔ ۔ ۔
انگلش کرکٹ بورڈ نے اگلے سال پاکستان میں کرکٹ سیریز کے لیے ٹیم بھیجنے کا اعلان کردیا ہے۔

انگلش کرکٹ بورڈ نے پاکستان کے ساتھ کرکٹ میچز کے لیے رواں برس شیڈول دورہ منسوخ کرنے کے بعد اگلے سال 2022 میں پاکستان آنے کا اعلان کردیا۔
نیوزی لینڈ کرکٹ ٹیم نے چند روز قبل پاکستان کے ساتھ راولپنڈی میں طے شدہ میچ کھیلنے سے انکار کیا اور پوری کرکٹ سیریز منسوخ کرکے اپنے وطن واپس روانہ ہوگئی۔
یہ بھی پڑھیے
دورہ پاکستان کی منسوخی ،برطانوی پاکستان کے حق میں بول پڑے
نیوزی لینڈ حکام کے مطابق انہوں نے سیکیورٹی خطرات کی وجہ سے دورہ پاکستان منسوخ کیا، اسی بات کو بنیاد بنا کر انگلش کرکٹ بورڈ نے بھی پاکستان آنے سے انکار کردیا تھا۔
سابق برطانوی کرکٹرز، کمنٹیٹرز اور صحافیوں نے ای سی بی کو دورہ پاکستان منسوخ کرنے پر تنقید کا نشانہ بنایا تھا۔
تازہ اطلاعات کے مطابق انگلش بورڈ نے بتایا ہے کہ ان کی ٹیم بخوشی اگلے برس پاکستان کا دورہ کرے گی اور تمام شیڈول میچز کھیلے گی۔
ای سی بی کے بیان کے بعد وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے ٹوئٹر پر کہا کہ یہ پاکستان کے موقف کی بڑی کامیابی ہے۔
انگلش کرکٹ بورڈ کی معزرت اور پاکستان کے دورے کا اعلان ہمارے مؤقف کی بڑی کامیابی ہے، کرکٹ کے کھلاڑیوں، سفارت کاروں، انٹرنیشنل میڈیا اور ان تمام لوگوں کا شکریہ جنہوں نے اس معاملےپرپاکستان کا ساتھ دیا پاکستان کی کرکٹ کیخلاف ایک اور سازش ناکام ہوئ،
— Ch Fawad Hussain (@fawadchaudhry) September 29, 2021
فواد چوہدری نے تمام کھلاڑیوں، سفارتکاروں اور عالمی میڈیا کا شکریہ ادا کیا جنہوں نے اس سارے معاملے میں پاکستان کا ساتھ دیا۔
کچھ تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ انگلش کرکٹ بورڈ کی جانب سے یہ بڑا بیان سامنے آنے کے پیچھے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کی برطانوی حکومتی عہدیداران سے ملاقات ہے۔