نوح دستگیر بٹ نے کامن ویلتھ گیمز میں پاکستان کو پہلا گولڈ میڈل جتوادیا

پاکستانی ویٹ لفٹر نے ویٹ لفٹنگ کی 109+ کلو گرام کیٹیگری میں مجموعی طور پر ریکارڈ 405 کلو وزن اٹھا کر گولڈ میڈل اپنے نام کیا،شاباش بٹ صاحب، وزیراعظم شہباز شریف کی مبارکباد

پاکستان نے کامن ویلتھ گیمز 2022 میں پاکستان پہلا گولڈ میڈل جیت لیا۔پاکستان کے نوح دستگیر بٹ نے ویٹ لفٹنگ کی 109+کیٹیگری میں مجموعی طور پر ریکارڈ 405 کلو وزن اٹھا کر گولڈ میڈل اپنے نام کیا۔

نوح دستگیر بٹ نے اسنیچ میں 173 جبکہ کلین اینڈ جرک میں 232 کلو وزن اٹھایا۔نوح دستگیر بٹ کی جانب سے دونوں کوششوں کے دوران اٹھایا جانے والا وزن کامن ویلتھ گیمز کا نیا ریکارڈ ہے۔

یہ بھی پڑھیے

کامن ویلتھ گیمز میں ملائیشین کوچ نے جذبہ ایثار کی مثال قائم کردی

کھیلو آزادی سے : کشمیر پریمیئر لیگ سیزن 2 کا آفیشل نغمہ جاری

یاد رہے کہ نوح دستگیر نے 2018 میں بھی پاکستان کیلئے برانز میڈل جیتا تھا جب کہ گزشتہ سال دسمبر میں ہونیوالی ورلڈ ویٹ لفٹنگ چیمپئن شپ میں انہوں نے سلور میڈل جیتا تھا۔

نوح دستگیر بٹ نے کامن ویلتھ گیمز میں شرکت کیلیے روانگی سے قبل نجی ٹی وی سے گفتگو میں کہا تھا کہ وہ اپنے والداور اپنے ملک کیلیے برانز میڈل کے علاوہ کوئی میڈل جیتنا چاہتے ہیں،کیونکہ برانز میڈل کا دفاع کرنا ان کے لیے کوئی معنی نہیں رکھتا۔

انہوں نے بتایا تھا کہ گزشتہ کامن ویلتھ گیمز میں  ان کے برانز میڈل جیتنے پر ان کے والد بہت مایوس ہوئے تھے اور انہوں نے کچھ عرصہ ان سے بات نہیں کی تھی ۔

نوح کا گولڈ کامن ویلتھ گیمز کی تاریخ میں پاکستان کا صرف دوسرا گولڈ میڈل ہے، اس سے قبل 2006 میں شجاع الدین ملک نے پاکستان کیلئے ویٹ لفٹنگ میں طلائی تمغہ جیتا تھا۔

وزیراعظم شہباز شریف نے کامن ویلتھ گیمز2022 میں پاکستان کیلیے پہلا گولڈ میڈل جیتنے پر نوح دستگیر بٹ کو مبارکباد پیش کی ہے۔وزیراعظم نے صحافی فیضان لاکھانی کی ٹوئٹ ری ٹوئٹ کرتے ہوئے لکھا”ویلڈن بٹ صاحب “۔

خیال رہے کہ پاکستان کے رواں کامن ویلتھ گیمز میں دو میڈلز ہوگئے ہیں۔ اس سے قبل شاہ حسین شاہ نے جوڈو میں برانز میڈل جیتا۔ شاہ حسین شاہ نے جنوبی افریقی جوڈوکا کو ہراکر برانز میڈل جیتا۔

متعلقہ تحاریر