روایتی حریف دوبارہ مدمقابل، بابر الیون بھارت سے شکست کا بدلہ لے پائے گی ؟

متحدہ عرب امارات کے میدانوں میں ایشیاء کپ کےحصول کی جنگ جاری ہے، ویرات کوہلی کی فٹنس کی بحالی بابرالیون کو بھاری پڑے گی یا شاہین پلٹ کر جھپٹیں گے اور گزشہ شکست کا بدلہ لے گی ؟ پوائنٹس ٹیبل پر بھارت پہلے، افغانستان دوسرے جبکہ پاکستان تیسرے نمبر پر موجود ہے

متحدہ عرب امارات کے میدانوں میں ایشیاء کپ کے حصول کیلئے پاکستان، بھارت، سری لنکا، بنگلہ دیش، افغانستان اور ہانگ کانگ کے درمیان کرکٹ کے ٹاکرے جاری ہیں۔ تمام ٹیمیں  جیت کے لیے سر دھڑ کی بازی لگا رہی ہیں۔

ایشیاء کپ کے پوائنٹس ٹیبل پر بھارت پہلے نمبر پر براجمان ہے جبکہ افغانستان دوسرے اور پاکستان تیسرے نمبر پر ہے۔ بھارت اورافغانستان نے 2 میچز کھیلے اور دونوں میں ہی فتح یاب ہوئے جبکہ پاکستان نے2 میچز کھیلے جس میں ایک جیتا اور ایک ہار گیا ۔

یہ بھی پڑھیے

ٹی 20 ورلڈکپ: پاک بھارت میچ کے ٹکٹس 5منٹ میں فروخت

گزشہ اتوار روایتی حریف پاکستان اور بھارت کے درمیان  سخت مقابلہ ہوا تاہم  یہ بازی ویرات کوہلی الیون نے اپنے نام کی جبکہ بابراعظم  کے شاہین یہاں شکست خوردہ رہے ۔

ایشیا کپ 2022 کے اہم میچ میں بھارت نے دلچسپ مقابلے کے بعد پاکستان کو آخری اوور کی چوتھی گیند پر 148 رنز بنا کر 5 وکٹوں سے شکست دے دی تاہم حسن اتفاق ہوا کہ آج پھر اتوار ہے اور روایتی حریف پھر ایک دوسرے کے مد مقابل ہیں۔

شاہینوں اور سورماؤں کے کپتان کا موازنہ

بھارتی ٹیم کے مایہ ناز بلے باز ویرات کوہلی نے 2012 میں اپنی زندگی کا پہلا انٹرنیشنل ٹی 20 میچ کھیلا اور اب تک وہ100 ٹی 20 کھیل چکے ہیں جبکہ آج وہ اپنا 101 واں انٹر نیشنل ٹی 20 میچ کھیلنے جا رہے ہیں ۔

انہوں نے اب تک ٹی 20 میچز میں 3ہزار 402 رنز اسکور بنا چکے ہیں اور وہ اس وقت عالمی رینکنگ میں تیسرے نمبر پر ہیں ۔ ویرات کوہلی کی ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میں اوسط 50.12 ہے اور وہ اب تک 30 نصف سنچریاں اسکور کرچکے ہیں۔

شاہینوں کے کپتان بابراعظم نے2016 میں ٹی ٹوئنٹی ڈیبیوکیا تھا اوراب تک 74 میچز کھیل کر 2686 رنز بناچکے ہیں۔ بابراعظم ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میں سب سے زیادہ رنز بنانے والے کھلاڑیوں میں چھٹے نمبر پر ہیں۔

بابر اعظم کی  اوسط 45.52 ہے اور وہ 26 نصف سنچریاں جب کہ ایک سنچری کرچکے ہیں۔ بابراعظم نے انڈیا کے خلاف اب تک صرف  2  ہی ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچ کھیلے ہیں ۔

قومی ٹیم کے کپتان بابراعظم 2018 کے آغاز سے ون ڈے کرکٹ میں سب سے زیادہ رنز بنانے والے کھلاڑی ہیں۔ بابرنے 2018 سے اب تک 7623 رنز بنائے ہیں جبکہ سابق بھارتی کپتان ویرات کوہلی نے 7472 رنز بنائے۔

پاکستان ٹیم کے کپتان بابراعظم نے بطور کپتان سب سے کم 13اننگز میں ایک ہزار رنز مکمل کر کے ویرات کوہلی کو پیچھے چھوڑا ہے اس سے قبل یہ ریکارڈ بھارتی بلے بار ویرات کوہلی کے پاس تھا ۔

ایشیاء کپ کے گزشتہ اتوار کو ہونے والے پاک بھارت  میچ بھارتی بلے باز ویرات کوہلی جو کہ مسلسل کچھ ماہ سے ان فٹ تھے اور کارکردگی نہیں دکھا پارہے تھے ایک بار پھر سے فارم میں آگئے اور ایک یاد گار اننگ کا مظاہرہ کرکے پویلین لوٹے۔

شاہینوں کے کپتان جو کہ کرکٹ کے میدانوں میں مسلسل ریکارڈ بنارہے تھے  ایشیاء کپ میں ایک دم سے  دباؤ کا شکار نظر آرہے ہیں اور 2 میچز میں انہوں نے کوئی خاص کارگردگی نہیں دکھائی جس پر تنقید بھی کی جارہی ہے ۔

ایشیا کپ کی تاریخ

شارجہ سے 1984 میں شروع ہونے والے ایشیا کپ کے اب تک 14 ایوینٹس ہو چکے ہیں۔ایشیا کپ پہلے ون ڈے فارمیٹ پر کھیلا جاتا رہا ہے تاہم یہ دوسری بار ہے کہ ایشیا کپ کو محدود کرتے ہوئے  ٹی 20 فارمیٹ پر منتقل کیا گیا ہے۔

بھارت سب سے زیادہ ایشیاء کپ جیتنے کا اعزاز رکھتا ہے ۔ انڈین ٹیم نے  7 مرتبہ ایشیاء کپ کا ٹائٹل اپنے نام کیا جس میں 6 ون دے جبکہ ایک بار ٹی 20 میں کامیاب رہا  جبکہ دوسرے نمبر پر سری لنکا کے پاس ایشین ٹائٹل ہے ۔

پاکستان اور بھارت  ایشیاء کپ میں  13 بار مد مقابل آ چکے ہیں۔ بھارت نے 7 مرتبہ پاکستان کو شکست دی جبکہ گرین شاہین 5 میچز میں فتح مند رہے۔

1984 اور1986 میں بھارت نے پاکستان کو شکست دی  جبکہ 1995 میں پاکستان نے بھارت کو دھول چٹائی ۔ 2000 میں بھی جیت پاکستان کے نام رہی  جبکہ 2008 میں بھی جیت پاکستان نے اپنے نام کی ۔

2010 اور 2012 میں میں سورماؤں نے  شاہینوں کو شکست دی  تاہم 2014 میں شاہینوں نے اپنی ہار کا بدلہ  لے لیا جبکہ 2016 اور 2018 میں بھارت نے پھر ایک بار بازی ماری اور پاکستان کو شکست دی ۔

متعلقہ تحاریر