مالی مشکلات کے شکار دو پلیئرز نے ہاکی ٹیم سے استعفے دے دیئے
ہاکی فیڈریشن کو دیئے گئے اپنے اپنے استعفے میں عماد بٹ اور مبشر علی نے مالی مشکلات کا ذکر کیا ہے۔

قومی ہاکی ٹیم کے دو کھلاڑیوں نے مالی مشکلات سے پریشان ہو کر ٹیم سے استعفے دے دیئے ہیں۔ پاکستان ہاکی ٹیم کے نائب کپتان عماد شکیل بٹ اور کھلاڑی مبشر علی نے اپنے استعفے ہاکی فیڈریشن کو بھجوا دیے ہیں۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق دونوں کھلاڑیوں نے اپنا مالی مسئلہ فیڈریشن کے گوشگزار کرایا تھا تاہم خاطرخواہ جواب نہ ملنے پر انہوں نے استعفے دے دیئے۔
یہ بھی پڑھیے
چوتھا ٹی ٹوئنٹی میچ: پاکستان نے انگلینڈ کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد شکست دے دی
پہلے ٹی ٹوئنٹی میچ کی گیٹ منی وزیراعظم کے فلڈ ریلیف فنڈ میں عطیہ
عماد شکیل بٹ نے پاکستان ہاکی ٹیم کے رکن کی حیثیت سے اپنا استعفیٰ پاکستان ہاکی فیڈریشن (پی ایچ ایف) کو بھجوا دیا۔
انہوں نے کہا کہ 2013 سے قومی ہاکی ٹیم کا حصہ بننا اعزاز کی بات ہے اور وہ اپنے سینئر کھلاڑیوں اور کوچز سے بہت کچھ سیکھنے کا موقع ملنے پر شکر گزار ہیں۔
عماد شکیل بٹ نے دس سالوں میں 145 میچز میں پاکستان کی نمائندگی کی۔
استعفیٰ کے متن میں کہا گیا ہے کہ بدقسمتی سے میں پاکستان ہاکی ٹیم سے فوری طور پر استعفیٰ دے رہا ہوں۔
عماد بٹ کا کہنا تھا کہ ’’یہ میرے لیے آسان فیصلہ نہیں تھا ، مجھے خاندانی حالات کی وجہ سے یہ قدم اٹھانا پڑا۔ مجھے اب اپنے مستقبل کے منصوبوں اور ترجیحات کا فیصلہ کرنا ہے۔
دوسری جانب مبشر علی نے اپنے استعفے کے خط میں کہا ہے کہ 2017 سے قومی ٹیم کے لیے کھیلنا اعزاز کی بات ہے لیکن وہ فوری طور پر قومی ہاکی ٹیم سے مستعفی ہو رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ انہیں اپنے خاندان کے مستقبل کی طرف دیکھنا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہمیں مالی تحفظ کی ضرورت ہے جو کہ موجودہ حالات میں ممکن نہیں ہے۔ اس لیے میں استعفیٰ دے رہا ہوں۔