چیئرمین پی سی بی رمیز راجا اور سوئنگ کے سلطان کا بھارت کو سخت لہجے میں جواب

قومی کرکٹ ٹیم کے سابق سپر اسٹار سوئنگ کے سلطان وسیم اکرم نے ایشین کرکٹ کونسل کے صدر جے شاہ کو کڑی تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ بھارت ہمیں کرکٹ کھیلنے سے متعلق ہدایات جاری نہیں کرسکتا ہے جبکہ چیئرمین پی سی بی رمیز راجا نے بھی سخت لہجے میں بھارت کو پیغام دیتے ہوئے کہا کہ ایشیاء کپ ہر حال میں پاکستان میں منعقد ہوگا

قومی کرکٹ ٹیم کے سابق سپر اسٹار سوئنگ کے سلطان وسیم اکرم نے ایشین کرکٹ کونسل کے صدر جے شاہ کی کلاس لے لی جبکہ پی سی بی چیئرمین  بھی ان پر خوب گرجے اور برسے ہیں۔  

ایشین کرکٹ کونسل کے صدر جے شاہ کے بیان پر پاکستانی اسٹار کرکٹر وسیم اکرم نے انہیں کڑی تنقید کا نشانہ بنایا۔ انہوں نے کہا کہ جے شاہ ہمیں کوئی حکم نہیں دے سکتے ہیں۔

یہ بھی پڑھیے

ایشیاء کپ: اے سی سی کو نظر انداز کرکے بھارت کا دورہ پاکستان سے انکار

نجی ٹی وی پر ایک پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے وسیم اکرم نے کہا کہ اے سی سی کے صدر کا بیان مکمل طور پر غیرمنصفانہ ہے۔ انہیں کم از کم پی بی سی کو اعتماد میں لینا چاہیے تھا ۔

دنیا کے مشہور ترین بالر نے جے شاہ کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ انہیں اے سی سی کا اجلاس بلانا چاہیے تھا کیونکہ ایشیاء کپ کی میزبانی کے حقوق تمام ارکان کی موجودگی میں  دیئے گئے تھے ۔

ان کا کہنا تھا کہ بھارت ہمیں کرکٹ کھیلنے سے متعلق ہدایات جاری نہیں کرسکتا ہے۔ ہمارے ملک میں 10 سے 15 سال بعد کرکٹ کے گراؤنڈز آباد ہوئے ہیں ۔

دوسری جانب پاکستان کرکٹ بورڈ کے سربراہ بھی ایشین کرکٹ کونسل کے صدر جے شاہ پر خوب گرجے اور برسے ۔ رمیز راجا نے اے سی سی سے نکلنے کی دھمکی بھی دے ڈالی ۔

 ایشیاء کپ میں شرکت کیلئے پاکستان کا دورہ کرنے سے انکار پر چیئرمین پی سی بی رمیز راجا نے کہا کہ سب کچھ انڈیا نہیں ہے، ہم بھی کچھ ہیں۔

چیئرمین پی سی بی رمیز راجا نے سخت لہجے میں بھارت کو پیغام دیتے ہوئے کہا کہ ایشیا کپ کسی صورت متحدہ عرب امارات منتقل نہیں کیا جائے گا

واضح رہے کہ ایشین کرکٹ کونسل کے سربراہ جے شاہ بھارتی انتہا پسند وزیر داخلہ امیت شاہ کے صاحبزادے ہیں۔ جے شاہ بھارتی کرکٹ بورڈ کے  سیکریٹری جنرل بھی ہیں۔

متعلقہ تحاریر