ویرات کوہلی کے کمرے کی وڈیو لیک کرنے والے ہوٹل ملازمین برطرف

ویرات کوہلی اور انوشکا شرما نے واقعے پر شدید برہمی کا اظہار کیا تھا، ہوٹل انتظامیہ نے بھارتی کرکٹر سے معذرت کرلی، کوہلی کا باضافہ شکایت درج کرانے سے انکار، آئی سی سی کا اظہار مایوسی

آسٹریلیا میں ٹی 20 ورلڈکپ میں شریک بھارتی کرکٹر ویرات کوہلی کے ہوٹل کے کمرے کی ویڈیو لیک کرنے میں ملوث عملے کو انتظامیہ نے برطرف کردیا۔

وایرات کوہلی نے گزشتہ روز اپنے ہوٹل کے کمرے کی  خفیہ طور پر بنائی گئی وڈیو سوشل میڈیا پر شیئر کرتے ہوئے سخت برہمی کا اظہار کیا تھا.

یہ بھی پڑھیے

ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں کیا پاکستان اب بھی آگے جاسکتا ہے؟

وسیم اکرم کا کوکین کی لت میں مبتلا ہونے کا انکشاف

ویرات کوہلی نے یہ ویڈیو انسٹاگرام اکاؤنٹ پر شیئر کرتے ہوئے شدید ناراضی کا اظہار کیا۔ انہوں نےبتایا تھا کہ یہ ہوٹل کراؤن پرتھ میں ان کے کمرے کی ویڈیو ہے جو انہوں نے نہیں بنائی بلکہ انہیں یہ ویڈیو سوشل میڈیا پر ملی ہے اور یہ اس وقت بنائی گئی جب وہ کمرے میں موجود نہیں تھے۔

کوہلی نے لکھا کہ وہ اس بات کو سمجھتے ہیں کہ مداح اپنے پسندیدہ کھلاڑیوں سے مل کر بہت خوش اور جذباتی ہوتے ہیں اور وہ بھی ان سے مل کر انہیں سراہتے ہیں۔ لیکن یہ ویڈیو بہت ہوشربا ہے جس نے مجھے میری پرائیویسی کو لے کر تشویش میں ڈال دیا ہے، اگر میرے ہوٹل کے روم میں میری کوئی پرائیویسی نہیں تو پھر میں کس جگہ کو اپنی پرائیویسی کے لیے دیکھوں؟

View this post on Instagram

A post shared by Virat Kohli (@virat.kohli)

سابق کپتان نے کہا کہ اس طرح کا فینٹیزم میرے لیے بالکل ٹھیک نہیں جو یقینی طور پر میری پرائیویسی میں دخل اندازی ہے۔کوہلی کا کہنا تھا کہ برائے کرم لوگوں کی پرائیویسی کا خیال رکھیں اور انہیں انٹرٹینمنٹ کے طور پر استعمال نہ کریں۔

وڈیو میں کوہلی کے کمرے میں موجود ان کا ذاتی سامان، پرفیوم،کٹس، جوتے اور دیگر اشیا سلیقے سے رکھے ہوئے نظر آرہے تھے جبکہ وڈیو میں ہوٹل سے زائد ملازمین کو کمرے میں دکھایا گیا تھا۔

ویرات کوہلی کی اہلیہ اداکارہ  انوشکا  شرما نے بھی ہوٹل ملازمین کے اس  عمل کوسراسر زیادتی اور انسانی حقوق کی خلاف ورزی قرار دیا تھا۔

کوہلی کی نشاندہی پر ہوٹل انتظامیہ کی سکیورٹی پر سوال اٹھایا جارہا تھا  جس پر انتظامیہ فوری حرکت میں آئی اور وڈیو بنانے میں ملوث تمام ملازمین کو برطرف کردیا۔

ہوٹل انتظامیہ نے  اپنے بیان میں ویرات کوہلی کی اجازت کے بغیر ان کے کمرے میں داخل ہونے کے معاملے پر معذرت کی ہے اور وعدہ کیا ہے کہ اس بات کو یقینی بنایا جائے گا کہ آئندہ ایسا واقعہ نہ ہو۔

انتظامیہ کا کہنا ہے کہ کمرے کی اوریجنل ویڈیو بھی سوشل میڈیا پلیٹ فارمز سے فوری طور پر ڈیلیٹ کردی گئی تھی جبکہ ہم اس حوالے سے بھارتی کرکٹ ٹیم اور انٹرنیشنل کرکٹ کونسل سے بھی رابطے میں ہیں تاکہ ان سے بھی معذرت کی جاسکے اور تحقیقات سے انہیں بھی آگاہ رکھا جاسکے۔

دوسری جانب ہوٹل انتظامیہ کی جانب سے ملازمین کیخلاف کارروائی کرنے کے بعد ویرات کوہلی نے واقعے کی باضابطہ شکایت درج کرانے سے انکار کردیا ہے۔

 دوسری جانب آئی سی سی نے بھی ایک بیان میں بھارتی کرکٹر کی پرائیوسی کی خلاف ورزی کو مایوس کن قرار دیا ہے۔بیان میں کہا گیا ہے کہ ہم ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ میں تمام ہوٹلز اور سکیورٹی فراہم کرنے والوں کے ساتھ کام کررہے ہیں تاکہ یہ یقینی بنایا جا سکے کہ ایونٹ میں شامل تمام کھلاڑیوں کی پرائیویسی کا مکمل احترام کیا جائے۔

متعلقہ تحاریر