بابر اعظم  پشاور زلمی کا حصہ بن گئے، شعیب ملک کی کراچی کنگز میں واپسی

کراچی کنگز اور پشاور زلمی کے مالکان کا دونوں کھلاڑیوں کیلیے نیک تمناؤں کا اظہار، سلمان اقبال کی بابر اعظم سے کراچی کنگز کیخلاف کور ڈرائیو نہ مارنے کی درخواست

پاکستان سپر لیگ (پی ایس یل) سیزن 8 کیلیے کھلاڑیوں کی ٹریڈ اور ری ٹینشنز کا مرحلہ مکمل ہوگیا۔ پچھلے 6 سیزنز میں کراچی کنگز کی نمائندگی کرنے والے قومی ٹیم کے کپتان بابر اعظم پشاور زلمی کا حصہ بن گئے  جبکہ آل راؤنڈر شعیب ملک پشاور زلمی سے واپس کراچی کنگز آگئے۔

کراچی کنگز کے مالک سلمان اقبال اور پشاور زلمی کے مالک جاوید آفریدی نے دونوں کھلاڑیوں کیلیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا ہے۔

یہ بھی پڑھیے

آسٹریلوی میڈیا نے پی ایس ایل کو آئی پی ایل سے بڑی لیگ قرار دیدیا

ثانیہ مرزا اور شعیب ملک نے طلاق کی خبروں پر خاموشی سادھ لی

پشاور زلمی کے مالک جاوید آفریدی نے بابر اعظم  کو اپنی ٹیم کا حصہ بننے پر روایتی انداز میں پشتو زبان میں خوش آمدید کہا ہے۔جاوید آفریدی نے بابر اعظم کی پشاور زلمی کی کٹ میں ملبوس ایک تصویر اپنے ٹوئٹر ہینڈل پر شیئر کی ہے۔تصویر میں بابر اعظم کو اپنے روایتی انداز میں وکٹ پر ڈھاڑتے ہوئے دکھایا گیا ہے۔

جاوید آفریدی نے اپنی پوسٹ کے کیپشن میں لکھا” زلمی خاندان میں پخیرراغلے“۔اس سے قبل جاوید آفریدی نے بابراعظم کی ایک وڈیو شیئر کرتے ہوئے صارفین کو تجسس میں مبتلا کرنے کی کوشش کی تھی۔

بابراعظم نے جاوید آفریدی کے ٹوئٹ کو ری ٹوئٹ کرتے ہوئے پشتو میں ہی ان کا شکریہ ادا کیا۔ انشااللہ یہ سفر یہ یادگار ہوگا۔

دریں اثنا کپتان بابر اعظم نے اپنی سابقہ ٹیم کراچی کنگز کی انتظامیہ کا شاندار الفاظ میں شکریہ اداکیا ہے۔بابر اعظم نے اپنے ٹوئٹ میں لکھاکہ  کراچی کنگز کے ساتھ شاندار سفر رہا۔سلمان اقبال بھائی، کراچی کینگز کی انتظامیہ اور کھلاڑیوں کا محبت، تعاون اور سکھانے کیلیے شکرگزار ہوں اور آپ سب کیلیے نیک خواہشات کا اظہار کرتا ہوں۔

بابر اعظم نے کراچی کنگز کے پرستاروں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ آپ ہمارے تھے اور ہمارے رہیں گے۔

دوسری جانب کراچی کنگز کے مالک سلمان اقبال نے اپنے ٹوئٹ میں بابر اعظم کو شاندار الفاظ میں خراج تحسین پیش کیا ہے۔انہوں نے لکھاکہ” مجھے بہت  خوشی ہے  آپ 6 سیزن  تک کراچی کنگز فیملی کا حصہ رہے، بہت شکریہ اور نیک تمنائیں“۔ سلمان اقبال نے ازرائے تفنن   سے درخواست کی کہ  ”بابر اب کراچی کیخلاف کور ڈرائیو مت مارنا“۔

علاوہ ازیں پی ایس ایل 7 میں پشاور زلمی کی نمائندگی کرنے والے قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان آل راؤنڈر شعیب ملک  کراچی کنگز کا حصہ بن گئے۔شعیب ملک نے اپنے ٹوئٹ کے ذریعے کراچی کنگز میں واپسی کا اعلان کیا۔

شعیب ملک نے لکھاکہ”ایک نیادن اور ایک  نیاچیلنج،اس بات کا اعلان کرتے ہوئے خوشی ہے کہ میں ایچ بی ایل پی ایس ایل 2023 میں  کراچی کنگز  سے کھیلوں گا۔میں نے پشاور زلمی کے ساتھ اپنے وقت کا بھرپور لطف اٹھایا“۔انہوں نے پشاور زلمی کے مالک جاوید آفریدی کا شکریہ اداکرتے ہوئے لکھاکہ”  اب کراچی کنگز کے ساتھ ایک مرتبہ پھر نیاآغاز ہوگا“۔

کراچی کے کنگز کے سلمان اقبال نے اپنے ٹوئٹ کے ذریعے کو خوش آمدید کہا۔ انہوں نے کہا کہ ہم پی اسی ایل 8 کیلیے ماسٹر آل راؤنڈر شعیب ملک کو کراچی کنگز اسکواڈ میں خوش آمدید کہتے ہیں۔

دوسری جانب پشاور زلمی کے مالک جاوید آفریدی نے شعیب ملک  کے نام اپنے ٹوئٹ میں لکھاکہ  ”شعیب ملک زلمی فیملی میں آپ کے ساتھ     3 غیر معمولی سال گزار کر بہت خوشی ہوئی، بلاشبہ آپ نے اپنی غیر معمولی   صلاحیتوں سے زلمی کو بہت عزت دی ہے،میں پی ایس ایل 8 میں نئے ذمے داریوں  پر آپ کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کرتا ہوں“۔

متعلقہ تحاریر