سعودی کلب النصر کی رونالڈو کو 225ملین ڈالر کے عوض 3سالہ معاہدے کی پیشکش

پیش کش کی مالیت سالانہ ساڑھے7 کروڑ ڈالر ہے، پرتگالی اسٹرائیکر کواب تک موصول ہونے والی یہ واحد باضابطہ پیشکش ہے

سعودی عرب  کے النصر فٹ بال کلب نے  مبیّنہ طور پر پُرتگال کی قومی ٹیم کے  کپتان اور شہرہ آفاق اسٹرائیکر  کرسٹیانو رونالڈو کو قطر میں جاری فیفا ورلڈکپ   کے بعد 225ملین ڈالر کے عوض تین سال کے معاہدے کی پیش کش  کردی۔

سی بی ایس اسپورٹس نے کلب کے قریبی ذرائع کے حوالے سے خبردی ہے کہ النصرپُرتگیزی اسٹاررونالڈو کی خدمات حاصل کرنے میں گہری دلچسپی رکھتا ہے۔

یہ بھی پڑھیے

کرسٹیانو رونالڈو لگاتار 5 ورلڈکپ میں گول کرنے والے پہلے مرد فٹبالر بن گئے

ارجنٹائن کے خلاف فتح: سعودی حکومت کا تمام کھلاڑیوں کو رولز رائس فینٹم دینے کا اعلان

سی بی ایس اسپورٹس نے مزید کہا کہ اس پیش کش کی مالیت سالانہ ساڑھے7 کروڑ ڈالر ہے۔النصر اور رونالڈو کے  درمیان موسم گرما میں روابط کاآغاز ہوا تھا  اور یہ خیال کیا جاتا ہے کہ بات چیت نسبتاً اعلیٰ سطح پر ہوئی ہے لیکن کلب کو ابھی تک رونالڈو کے حتمی فیصلے کا انتظار ہے۔

ذرائع نے سی بی ایس اسپورٹس کوبتایا کہ اگر وہ اس پیش کش کو قبول کرلیتے ہیں تو معاہدے کو حتمی شکل دینے میں زیادہ وقت نہیں لگے گا۔ذرائع نے یہ بھی بتایاہے کہ پرتگالی اسٹرائیکر کواب تک موصول ہونے والی یہ واحد باضابطہ پیشکش ہے  اور ان کے مستقبل کا فیصلہ ورلڈ کپ کے اختتام تک ہونے کی توقع ہے۔

رونالڈو نے گذشتہ ہفتے برطانیہ کے معروف کلب مانچسٹریونائیٹڈ کے ساتھ اپنی راہیں جداکی تھیں۔اب وہ ایک آزاد ایجنٹ ہیں اور کسی بھی کلب کے ساتھ کھیلنے کے لیے نئے سمجھوتے پردستخط کرسکتے ہیں۔

متعلقہ تحاریر