ریختہ کا فیفا ورلڈکپ کے اہم واقعات پر شاندار شاعرانہ تبصرہ
اردو شاعری کی ترویج میں گراں قدر خدمات انجام دینے والی ویب سائٹ نے ایونٹ کے اہم واقعات کی تصاویر پر تبصروں میں نامور شعرا کے دلچسپ اشعار تحریر کیے۔
قطر میں فیفاورلڈکپ 2022 اختتام کو پہنچ گیا لیکن اگلی کئی دہائیوں تک اپنے اثرات چھوڑ گیا،روایتی اور سوشل میڈیا میں فیفا ورلڈ کپ کے حوالےسے تبصرے اور تجزیے تاحال جاری ہیں۔ایسے میں اردو شاعری کی ترویج میں گراں خدمات انجام دینے والی ویب سائٹ”ریختہ “کیسے اس اہم موقع کو نظر انداز کرسکتی ہے۔
ریختہ نے فیفا ورلڈکپ کے اختتام کے بعد دنیائے فٹبال کے 3 بڑے کھلاڑیوں فاتح کپتان لیونل میسی، پرتگال کے کپتان کرسٹیانو رونالڈو اور فرانسیسی اسٹرائیکر کیلان ایمباپے کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے ایونٹ کے اہم واقعات شاندار شاعرانہ تبصرہ کیا ہے۔
یہ بھی پڑھیے
لیونل میسی کا خواب پورا، ارجنٹینا اگلے چار سال کے لیے فٹبال ورلڈ کپ کا چیمپیئن بن گیا
فیفا ورلڈکپ کے فائنل میں بالی ووڈ کے فنکار بھی چھائے رہے
شوبز شخصیات کی میسی اور ارجنٹائن کو فیفا ورلڈکپ جیتنے پر مبارکباد
ریختہ کے ٹوئٹر ہینڈل پر شیئرکردہ پوسٹ میں تینوں اسٹار فٹبالر کی تصاویر کے ساتھ رومن اردو میں دلچسپ اشعار لکھے گئے ہیں۔
See more… pic.twitter.com/nqCFbONRTE
— Rekhta (@Rekhta) December 19, 2022
ایک پوسٹ میں فاتح کپتان لیونل میسی کو ورلڈکپ کی طلائی ٹرافی چومتے ہوئے دکھایا گیا ہے جس پر بشیر بدر کا شعر یہ درج ہےکہ”ہم بھی دریا ہیں، ہمیں اپنا ہنر معلوم ہے، جس طرف بھی چل پڑیں گے راستہ ہوجائے گا“۔
دوسری پوسٹ میں فائنل کی شکست خورہ ٹیم فرانس کے اسٹرائیکر کیلان ایمباپے کو افسرہ چہرے کے ساتھ ورلڈکپ کی ٹرافی کے قریب سے گزرتے ہوئے دکھایا گیا ہے اور ساتھ قائم چاندپوری کا یہ شعر درج ہے کہ”قسمت تو دیکھ ٹوٹی ہے جاکر کہاں کمند،کچھ دور اپنےہاتھ سے جب بام رہ گیا“۔
تیسری پوسٹ میں میسی اور ایمباپے کو ایک دوسرے کی پشت پر کھڑے دکھایا گیا ہے اور ساتھ آل احمد سُرور کا یہ شعر درج ہے کہ”ساحل کے سکوں سے کسے انکار ہے لیکن، طوفان سے لڑنے میں مزہ اور ہی کچھ ہے“۔
ایک اور پوسٹ میں اپنے کیریئر کا آخری ورلڈکپ کھیلنے والے پرتگال کے کپتان اور دنیائے فٹبال کے عظیم اسٹرائیکر کرسٹیانو رونالڈو کو میدان میں بیٹھ کر روتے ہوئے دکھایا گیا ہے اور ساتھ ماجد دیوبندی کا یہ شعر درج ہے کہ”پھر تمہارے پاؤں چھونے خود بلندی آئے گی،سب دلوں پر راج کرکے تاج داری سیکھ لو“۔
ایک پوسٹ میں کوارٹر فائنل میں پرتگال کو شکست دینے کے بعد میدان میں اپنی والدہ کے ساتھ خوشی میں رقصاں مراکش کے مڈ فیلڈر سفیان بوفل کی تصویر پر منور رانا کا یہ شعر درج کیاگیا کہ”چلتی پھرتی ہوئی آنکھوں سے اذاں دیکھی ہے، میں نے جنت تو نہیں دیکھی ہے ماں دیکھی ہے “۔
فیفا ورلڈکپ کی تاریخ میں پہلی مرتبہ آن فیلڈ ریفری کے فرائض انجام دینے والی خاتون ریفری کی تصویر اس شکیل بدیوانی کے اس شعر کے ساتھ شیئر کی گئی،”چاہیے خود پہ یقین کامل،حوصلہ کس کا بڑھاتا ہے کوئی“۔
ایک اور پوسٹ میں اسپین کیخلاف فیصلہ کن گول یقینی بنانے والے جاپانی اسٹرائیکر کاؤرو متوما کی گول لائن سے بال کو اندر لانے کی تصویر پر احمد کمال پروازی کا یہ برجستہ شعر درج کیا گیا کہ”ایک ہی تیر ہے ترکش میں تو عجلت نہ کرو،ایسے موقع پہ نشانہ بھی غلط لگتا ہے“۔
آخری پوسٹ میں سعودی عرب کے ہاتھوں تاریخی شکست کے بعد میسی کی مایوسی کے انداز میں میدان سے باہر جانے اور سعودی کھلاڑیوں کی فتح کا جشن منانے کی تصویرنواب محمد یار خان امیر کےاس شعر کے ساتھ شیئر کی گئی کہ”شکست و فتح میاں اتفاق ہے لیکن، مقابلہ تو دل ناتواں نے خوب کیا“۔