نجم سیٹھی نے آئی سی سی ورلڈ کپ میں شرکت حکومتی اجازت سے مشروط کردی

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے چیئرمین نجم سیٹھی نے اگلے سال بھارت میں ہونے والے آئی سی سی کرکٹ ورلڈ کپ میں شرکت کو حکومتی اجازت سے مشروط کرتے ہوئے کہا کہ پاک بھارت کرکٹ کے فیصلے حکومتی سطح پر ہوں گے اگر بھارت کا سفر کرنے سے روکا گیا تو ہماری ٹیم آئی سی سی ایونٹ میں شریک نہیں ہوگی

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے چیئرمین نجم سیٹھی کا کہنا ہے کہ حکومت کی اجازت ملنے کے بعد آئی سی سی ورلڈ کپ 2023 میں حصہ لینے کے لیے بھارت جائیں گے۔

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے چیئرمین نجم سیٹھی نے  میڈیا نمائندوں سے غیر رسمی گفتگو میں  اگلے سال بھارت میں ہونے والے  آئی سی سی کرکٹ  ورلڈ کپ میں شرکت کو حکومتی اجازت سے مشروط کر دیا ہے ۔

یہ بھی پڑھیے

پہلی مرتبہ بگٹی اسٹیڈیم کوئٹہ بھی پی ایس ایل کی میزبانی کریگا، نجم سیٹھی

نجم سیٹھی کا کہنا تھا کہ ورلڈ کپ 2023 میں شرکت کیلئے اگربھارت جانے کی اجازت حکومت دیگی تو پاکستان ٹیم بھیجیں گے ورنہ ورلڈ کپ میں شرکت نہیں کریں گے۔ اس کا فیصلہ حکومتی سطح پر ہوگا ۔

پی سی بی کے چیئرمین نجم سیٹھی کا کہنا تھا کہ پاک بھارت کرکٹ کے فیصلے حکومتی سطح پر ہوںگے اگر بھارت کا سفر کرنے سے روکا گیا تو ہماری ٹیم آئی سی سی ایونٹ میں شریک نہیں ہوگی ۔

نجم سیٹھی نے بتایا کہ 2018 میں نئی حکومت آنے کے بعد خود اپنے عہدے استعفیٰ دیا تھا کیونکہ حکومتی پارٹی کی جانب سے مجھ پرسنگین الزامات عائد کیے جارہے تھے جس پر انہیں نوٹس بھی بھیجا تھا ۔

پاکستان کرکٹ بورڈ کے نئے چیئرمین نجم سیٹھی  کا کہنا تھا کہ میرے خلاف اس وقت بڑے الزامات بھی تھے تو سوچا کوئی بدمزگی پیدا نہ ہو اس لیے خاموشی سے استعفیٰ دے دیا تھا  ۔

انہوں نے کہا کہ میرے لگائے گئے افراد کو پی سی بی میں سے نکالا گیا۔ میرے حوالے سے غلط اعداد شمار شائع کیے گئے جس پر میں نے پی سی بی کو ایک لیگل نوٹس بھی بھیجا تھا ۔

نجم سیٹھی نے کہا کہ مکی آرتھر سے رابطہ کرکے پاکستان کے لیے نئے کوچز پران کی تجاویز لی ہے کیونکہ ان کی کوچنگ میں پاکستان ٹاپ ٹیم رہا۔ مکی آرتھر اس وقت ڈربی شائر میں مصروف ہیں ۔

یہ بھی پڑھیے

آئی سی سی ٹی 20 ورلڈ کپ ڈیجیٹل پلیٹ فارم پر 6 ارب 58 کروڑ بار دیکھا گیا

چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ نے کہا کہ پی سی بی ایک ہفتے کے اندر نئے کوچنگ پینل کی تصدیق کر دے گا۔ رمیز راجا کمنٹری پینل کا حصہ بننا چاہیے تو انہیں خوش آمدید کہا جائے گا ۔

ایک اورسوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ میں نے کیوریٹر کو پیغام پہنچا دیا تھا کہ نیوزی لینڈ کے خلاف ٹیسٹ سیریز میں ڈیڈ پچ تیار ہونے کی صورت میں ان کی نوکری ختم ہو جائے گی۔

بابراعظم کی کارکردگی پر تبصرہ کرتے ہوئے نجم سیٹھی نے کہا کہ بابر اعظم عالمی معیار کے کھلاڑی ہیں۔ بابر اعظم کی عدم موجودگی میں پاکستان کرکٹ ٹیم میں کوئی دلکشی باقی نہیں رہے گی۔

متعلقہ تحاریر