بابر اعظم کا زیرعلاج پرستار کی عیادت کیلیے نجی اسپتال کادورہ
ننھا مریض بابر اعظم ماسک لگائے بابر اعظم کو پہچان گیا، کپتان نے بیمار پرستار کی محمد رضوان سے وڈیو کال پر بات بھی کروائی، ون ڈے کے ٹکٹ بھیجنے سے ٹیم سے ملاقات کرانے کا وعدہ بھی کیا، وڈیو وائرل ہوگئی۔
پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے نئے سال کی آمد سے قبل ننھے پرستار کی عیادت کیلیے اچانک اسپتال کا دورہ کرکے مداحوں کے دل جیت لیے ۔
پاکستان کرکٹ بورڈ نے دل موہ لینے والی اس ملاقات کی وڈیو اپنے ٹوئٹر ہینڈل پر جاری کردی۔
یہ بھی پڑھیے
پاکستان اور نیوزی لینڈ کے مابین پہلا ٹیسٹ میچ بے نتیجہ ختم
بھارتی کرکٹر ریشبھ پنت کو جلتی گاڑی سے بچانے والے ہیروز سامنے آگئے
پی سی بی کی جانب سے شیئر کی گئی ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ بابر اعظم نجی اسپتال میں زیرعلاج اپنے پرستار کے سامنے ماسک پہنے بیٹھے ہیں ۔ اس دوران بچے سے پوچھا جاتا ہے کہ اس نے پہچانا کہ یہ کون ہیں ،توبچے نے کہا کہ یہ بابراعظم ہیں۔
بابر اعظم نے بچے سے کہا کہ” میں آپ کیلیے آیا ہوں، آپ نے ہمت نہیں ہارنی، یقین رکھنا ہے۔اس موقع پر بابراعظم نے اپنےزیرعلاج پرستار کو اپنی دستخط شدہ ٹوپی کا تحفہ بھی پیش کیا“ ۔
Our captain @babarazam258 met the number one fan of the Pakistan cricket team. pic.twitter.com/IgIoNqyzfS
— Pakistan Cricket (@TheRealPCB) December 31, 2022
بچے نے کہا کہ” پہلے میں آدھا پشاور زلمی اور آدھا کراچی کو سپورٹ کرتا تھا لیکن اب آپ پشاور میں آگئے ہیں تو پشاور کو ہی سپورٹ کروں گا۔بچے نے مزید کہا کہ مجھے افسوس ہوا تھا جب وہاب ریاض نے آپ کو پاؤں پر یارکر ماری تھی ،اس دن آپ کے پاؤں پر چوٹ لگی تھی تو مجھے بڑا افسوس ہوا تھا، اب وہ آپ کو نہیں مارے گا کیونکہ وہ آپ کی ٹیم میں ہے،اس مرتبہ انشااللہ پشاور کو جتوائیے گا “۔
بابر اعظم کے استفسار پر بچے نے بتایا کہ وہ انہیں،پشاور زلمی،محمد رضوان،شاداب،شاہین شاہ آفریدی سب کو فالو کرتا ہے۔اس موقع پر بابراعظم نے بچے سے سوال کیا کہ رضوان سے بات کریں گے؟ بچے نے اثبات میں سرہلایا تو بابر اعظم نے اس کی محمدرضوان سے وڈیو کال پر بات بھی کروائی۔
رضوان نے زیرعلاج پرستار کا حوصلہ بڑھاتے ہوئے کہا کہ تگڑا رہنا ہے، بیماری سے کچھ نہیں ہوتا، سب کچھ اللہ کے ہاتھ میں ہے، پریشان نہیں ہونا۔ننھے پرستار نے کہا کہ”ہر وقت آپ لوگوں کی کامیابی کیلیے دعائیں کرتا ہوں کہ آپ لوگ پاکستان کیلیے اچھا کھیلیں، میں آپ کا اور بابراعظم بھائی کا میچ دیکھنے آؤں گا“۔
اس موقع پر رضوان ننھے پرستار کی عیادت کیلیے اسپتال آنے کا وعدہ بھی کیا۔اسپتال میں زیرعلاج پرستار نے رضوان سے بات کرتے ہوئے مزید کہا کہ جب پاکستان سیمی فائنل میں ہارا تھا تو میں بہت رویا تھا“۔بچے نے اسٹار کھلاڑیوں کا حوصلہ بڑھاتے ہوئے کہا کہ” میں دیکھ رہا ہوں لوگ بہت تنقید کررہے ہیں لیکن اس سے فرق نہیں پڑتا، محنت کرتے رہیں گے تو انشااللہ بہت اچھی ٹیم بنیں گے“۔
بچے نے بابراعظم سے گفتگوکرتے ہوئے کہاکہ”سب مجھے چڑاتے تھے کہ بابر اعظم آؤٹ ہوجاتا ہے،یہ تو گیا گیا، مجھے بہت غصہ آتاتھا، میرا بھائی خاص طور پرآکر کہتا تھا کہ یہ گیا ، اس بال پر یہ تو گیا،میں نے بولا نکلو یہاں سے“۔
بابراعظم نے کہاکہ”یہ چیزیں تو ساتھ چلتی ہیں،چیزیں ایک جیسی نہیں رہتیں، اس میں سیکھنا ہوتا ہے“۔بچے نے کہا کہ”مجھے بہت خوشی ہوئی کہ آپ آئے“۔
بابراعظم نے بچے کا حوصلہ بڑھاتے ہوئے کہا کہ”آپ تندرست ہوں اور ون ڈے میں میچ دیکھنے آئیں،میں آپ کو ٹکٹ بھیجوں گا اور پوری ٹیم سے آپ کی ملاقات بھی کرواؤں گا“۔بابراعظم کی پیشکش پر بچے کا چہرہ خوشی سے چمک اٹھا،اس نے بابر اعظم ہاتھ ملاکر ٹکٹ بھیجنے کا وعدہ لیا اور نیوزی لینڈ کیخلاف دوسرے ٹیسٹ کیلیے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ ولیمسن کو لازمی ہراناہے۔