سرفراز احمد کھیل کے دوران اہلیہ کا دیدار کرتے رہے، امپائر کو میچ رکوانا پڑگیا
خوش بخت سرفراز نے واقعے کی وڈیو ٹوئٹر پر شیئرکردی، سرفراز مسکرا کر رہ گئے، صارفین کے دلچسپ تبصرے
پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اور وکٹ کیپر بلے باز سرفراز احمد کی اہلیہ خوش بخت سرفراز واقعی خوش بخت نکلیں کیونکہ ان کے شوہرنامدار اپنے فرض کی ادائیگی کے دوران بھی ان کا خیال رکھنے سے غافل نہیں ہوتے۔
کیویز کیخلاف کراچی ٹیسٹ میں سابق کپتان کھیل سے غافل ہوکر نیشنل اسٹیڈیم کرکٹ ایرینا میں لگی بڑی اسکرین پر اپنی اہلیہ کا دیدار کرتے رہے، امپائر کو کھیل رکواکر مداخلت کرنا پڑگئی۔
یہ بھی پڑھیے
آسٹریلوی کرکٹرز کی سیریز جیتنے کے بعد میدان میں بچے سنبھالنے کی تصویر وائرل
کیویز کیخلاف کامیابی،پاکستان ورلڈکپ سپر لیگ میں دوسرے نمبر پرآگیا
سرفراز احمد کی اہلیہ خوش بخت سرفرازنے اپنے ٹوئٹر ہینڈل پر خجالت والا ایموجی بناتے ہوئے اس واقعے کی وڈیو ری ٹوئٹ کردی۔ وڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ کیویز کیخلاف دوسرے ٹیسٹ کی دوسری اننگز میں پاکستان کو جیت کیلیے140رنز درکار ہیں اور سرفراز احمد 65 کے انفرادی اسکور پر کریز پر موجود ہیں۔
— Khushbakht Sarfaraz Ahmed (@sarfarazkhush) January 11, 2023
اس دوران اسکرین پر مہمانوں کی گیلری میں موجود خوش بخت سرفراز کیمرے پر نمودار ہوتی ہیں اور دوسرے ہی لمحے کیمرا کیوی اسپنرڈیرل مچل کی جانب جاتا ہے جو پاکستانی بلے باز سعود شکیل کو گیند کرانے جارہے ہوتے ہیں تاہم امپائر کی مداخلت پر گیند پھینکتے پھینکتے رک جاتے ہیں۔
اس موقع پر کیمرا سرفراز کی جانب جاتا ہے تو وہ میدان میں لگی دیوقامت اسکرین پر اپنی اہلیہ کا دیدار کرنے میں مصروف ہوتے ہیں اور امپائر اور کیوی بالر کی مداخلت پر چونک کر پیچھے مڑتے ہیں اور رنگے ہاتھوں پکڑے جانے پر ہنس پڑتے ہیں بعدازاں وہ ساتھی بلے باز سعود شکیل کو بھی بتاتے ہیں کہ وہ اسکرین کی جانب دیکھ رہے تھے۔
سرفراز احمد اپنی اہلیہ کے ٹوئٹ پر مسکرا کر رہ گئے جبکہ صارفین نے خوش بخت سرفراز کی پوسٹ پر دلچسپ تبصرے کرتے ہوئے انہیں کپتان کی وجہ تحرک قرار دیا ہے۔