عالمی ریکارڈ یافتہ پاکستانی کوہ پیما شہروز کاشف حکومتی بے اعتنائی پر پھٹ پڑے

دکھ کے ساتھ یہ لفظ استعمال کر رہا ہوں کہ پاکستان میں کھلاڑی ذلیل ہوتا ہے ،سرپرستی کرنے کے حوالے سے مجھے انتہائی ما یوسی کا سامنا کرنا پڑا ہے، شہروز کاشف

کوہ پیمائی کےشعبے میں دنیا بھر میں پاکستان کا سر فخر سے بلند کرنے والے کوپیما شہروز کاشف حکومتی بے اعتنائی پر پھٹ پڑے۔

 شہروز کاشف کا کہنا ہےکہ”دکھ کے ساتھ یہ لفظ استعمال کر رہا ہوں کہ پاکستان میں کھلاڑی ذلیل ہوتا ہے ،سرپرستی کرنے کے حوالے سے مجھے انتہائی ما یوسی کا سامنا کرنا پڑا ہے “۔

یہ بھی پڑھیے

پاکستانی کوہ پیما شہروز کاشف دوسری بار گنیز بک آف ورلڈ ریکارڈ میں شامل

نانگاپربت پر لاپتہ ہونے والے کوہ پیما شہروز کاشف کا سراغ مل گیا

جیو نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے شہروز کاشف نے کہا کہ وفاقی وزیر بین الصوبائی رابطہ 10 مرتبہ وعدہ کر چکے ہیں کہ آپ سمٹ کریں ہم آپ کے ساتھ ہیں ، ہم آپ کی معاونت کریں گے لیکن ا یک بھی وعدہ پورا نہیں ہوا ، صدر مملکت سے لے کر تقریباً سب سے ملاقات ہو چکی ، وزیر اعلیٰ سے ملاقات کا ٹائم مانگا لیکن ٹائم ہی نہیں ، اب مجھے کوئی ملاقات کے لیے بلاتا ہے تو مجھے اس سے فرق نہیں پڑتا کیونکہ کوہ پیمائی کی طرف کسی کا رحجان نہیں اپیل کر کر کے اب تنگ آچکا ہوں ۔

انہوں نے مزید کہا کہ میں اپنے خواب کی تکمیل کے بہت قریب پہنچ چکا ہوں ، میرا خواب ضرور پورا ہو گا مجھے 8 ہزار میٹر سے بلند تمام 14 چوٹیاں سر کرنے والا دنیا کا کم عمر ترین کوہ پیما بننا ہے۔

کم عمر کوہ پیما نے یہ بھی کہا کہ میں ریڑھ کی ہڈی میں سرجری کے بعد اب مکمل فٹ ہوں،  میں اب تک 10 چوٹیاں سر کر چکا ہوں ،4باقی رہتی ہیں، 4 مارچ سے باقی چار چوٹیاں سر کرنے کے سفر کے لیے نکل رہا ہوں۔

فی الحال  8ہزار میٹر سے   بلند تمام   چوٹیاں سر کرنےوالے کم عمر ترین کوہ پیما کا اعزاز  منگما گیابو  ڈیوڈ  شیرپا  کو حاصل ہے  جس نے 30 سال 166 دن کی عمر میں تمام 14 چوٹیوں کو سر کیا۔ انہوں نے سب سے پہلے 23 مئی 2010 کو ماؤنٹ ایورسٹ سرکیا تھا اور   آخری چڑھائی 29 اکتوبر 2019 کو شیشا پنگما تھی۔

شہروز کاشف نے 8 ہزار میٹر سے بلند تمام 14 چوٹیاں سر کرنے کا سفر 17سال کی عمر میں 8ہزار 51 میٹر بلند براڈ پیک سر کرکے کیا تھا۔جس کے بعد وہ براڈ بوئے کے نام سے مشہور ہوئے تھے۔

شہروز کاشف نے 19 سال کی عمر میں 8ہزار511میٹر بلند کے ٹو سرکیااور  وحشی پہاڑ  کو سر کرنےوالے سب سے کم عمر کوہ پیما بن گئے ۔

شہروز کاشف نے ایک ہی سال میں  دنیا کے دو بلند ترین پہاڑوں  ایورسٹ  اور K2 کو سر کرنے والے سب سے کم عمر کوہ پیما  ہونے کا گنیز ورلڈ ریکارڈ بھی اپنے نام کررکھاہے۔

شہروز  کاشف نے پچھلے سال مہرے میں تکلیف کے بعد  ریڑھ کی ہڈی  کی سرجری بھی کروائی تھی ۔شہروز کاشف کا کہنا ہے کہ”میں سرجری کے بعد اب مکمل طور پر فٹ ہوں اور اس سال مارچ میں دوبارہ  کوہ پیمائی شروع کرنے جارہا ہوں“۔

متعلقہ تحاریر