شاداب خان چھپے رستم نکلے،ہیڈ کوچ ثقلین مشتاق کی صاحبزادی سے نکاح کرلیا

نکاح کی تقریب گزشتہ روز منعقد ہوئی، اپنے استاد ثقلین بھائی کے خاندان کا حصہ بن گیا ہوں، اہلیہ منظر عام پر نہیں آنا چاہتیں،سلامی بھیجنے کے خواہشمند افراد کو اکاؤنٹ نمبر بھیج دوں گا، شاداب خان کاٹوئٹ:

پاکستان کرکٹ ٹیم کے نٹ کھٹ آل راؤنڈ شاداب خان  چھپے رستم نکلے ، خاموشی کے ساتھ ہیڈکوچ  ثقلین مشتاق کی صاحبزادی سے نکاح کرلیا، میڈیا سمیت کسی کو کانوں کان خبر نہیں ہوئی۔

شاداب خان نے اپنے ٹوئٹ کے ذریعے نکاح کا اعلان کرتے ہوئے بتایا کہ ان کی اہلیہ منظر عام پر نہیں آنا چاہتیں۔شرارتی کرکٹر نے سلامی بھیجنے کے متمنی افراد کو اکاؤنٹ نمبر بھیجنے کی پیشکش بھی کردی۔

یہ بھی پڑھیے

فاسٹ بولر حارث رؤف کا ازدواجی زندگی میں ڈیبیو

شاہد آفریدی کی بڑی صاحبزادی اقصیٰ آفریدی رشتہ ازدواج میں منسلک

قومی کرکٹ ٹیم کے آل راؤنڈر شاداب خان نے ہیڈ کوچ ثقلین مشتاق کی صاحبزادی سے نکاح کرلیا۔تقریب کی کچھ تصاویر اور وڈیوز سوشل میڈیا کی زینت بنی ہیں تاہم شاداب خان کی اہلیہ نے منظر عام پر نہ آنے کا فیصلہ کیا ہے۔

شاداب خان نے گزشتہ رات اپنے ٹوئٹ  میں لکھا کہ”الحمد للہ! آج میرا نکاح تھا،میں اپنے استادثقلین بھائی کے خاندان کا حصہ بن گیا ہوں،جب میں نے کرکٹ کھیلنا شروع کی تو اپنی خاندانی زندگی کو الگ رکھا،میرے خاندان نے بھی خود کو منظر عام سے الگ رکھنے کا فیصلہ کیا اور میری اہلیہ بھی یہی چاہتی ہیں اور وہ اپنی زندگی کو نجی رکھنا چاہتی ہیں۔میری آپ سب سے مودبانہ درخواست ہے کہ  اسکی اور میرے خاندان کے انتخاب کا احترا م کریں“۔

شوخ طبیعت کے مالک شاداب اپنے نکاح کی خوشخبری سناتے ہوئے بھی شوخی سے باز نہیں آئے۔انہوں نے مزید کہاکہ”اگر آپ سلامی بھیجنا چاہیں گے تو میں آپ کو ایک اکاؤنٹ نمبر بھیج دوں گا“۔

ساتھیوں کھلاڑیوں اور صحافیوں سمیت پرستاروں کی بڑی تعداد نے شاداب خان کو زندگی کا نیا سفر شروع کرنے پر مبارکباد دی ہے۔اوپننگ بلے باز اور شاداب کے قریبی دوست امام الحق نے لکھا کہ شیڈی بہت بہت مبارک ہو، گوکہ بھابھی کیلیے فکرمند ہوں، اللہ پاک ان کو ہمت دے،آمین۔

آصف علی، وہاب ریاض،فواد عالم،فہیم اشرف،سلمان علی آغا،حارث رؤف،محمد نواز،عمر امین اور دیگر نے بھی شاداب خان کو نکاح کی مبارکباد دی ہے۔

دوسری جانب آل راؤنڈر کے نکاح کے اعلان کے بعد سوشل میڈیا پر میمز کا طوفان بھی امڈ آیا۔ ایک صارف نے ثقلین مشتاق کی جانب سے شاداب خان کے گُن گانے کی وڈیو شیئر کردی۔

میمرز نے آل راؤنڈر کی شادی کی خبر سن کر ان کی نوجوان پر پرستاروں پر بیتنے والی کیفیت کو میمز کے ذریعے بیان کیا۔

متعلقہ تحاریر