شبھ من گِل نے سیریز میں سب سے زیادہ اسکور بنانے کا بابراعظم کا ریکارڈ برابر کردیا

بھارتی اوپنر نے کیویز کیخلاف اندور میں کھیلے گئے تیسرے ون ڈے میں 78 گیندوں پر 112 رنز بنائے، پہلے ون ڈے میں ڈبل سنچری اسکور کی تھی، 19 ویں اننگز میں ہزار رنز کا سنگ میل عبور کرکے تیز ترین بھارتی بلے باز بھی بن چکے

بھارتی بلے باز شبھ من گِل نے نیوزی لینڈ کیخلاف ون ڈے ہوم سیریز میں دوسری سنچری اسکور کرکے پاکستان کے کپتان بابراعظم کا ایک سیریز میں سب سے زیادہ اسکور بنانے کا ریکارڈ برابر کردیا۔

بابراعظم نے 2016 میں ویسٹ انڈیز کیخلاف تین ایک روزہ میچوں کی سیریز میں 3 سنچریز اسکور کرکے ریکارڈ 360 رنز بنائے تھے۔

یہ بھی پڑھیے

بابر اعظم آئی سی سی ون ڈے ٹیم کے کپتان مقرر، ٹیسٹ ٹیم میں بھی جگہ بنالی

بھارتی بلےباز کے ایل راہول اور ادکارہ اتھیا شیٹی شادی کے بندھن میں بندھ گئے

شبھ من گِل نے منگل کو اندور میں صرف 78 گیندوں پر 112 رنز بنائے، جو مجموعی طور پر انکی چوتھی  ون ڈے سنچری اور سیریز کی دوسر ی سنچری تھی۔ اس سے قبل حیدرآباد میں کھیلے گئے میچ میں  اوپنر  208 رنز بنا کر ون ڈے میں ڈبل سنچری بنانے والے پانچویں بھارتی بلے باز بن گئے تھے۔

تازہ ترین اننگز کے ساتھ شبھ من گِل کا سیریز میں مجموعی اسکور360رنز تک پہنچ گیا ، دوسرے ون ڈے میں انہوں نے 40 رنز بنائے تھے ۔شبھ من گِل سیریز میں 360 رنز بناکر تین یا اس کم میچز کی دوفریقی ون ڈے سیریز میں سب سے زیادہ رنز بنانے کا ریکارڈ برابر کردیا ہے۔

2016 میں بابر اعظم نے ویسٹ انڈیز کے خلاف سیریز کے دوران تین میچوں میں تین سنچریاں بنا کر 360 رنز بنائے تھے۔ گل نے اپنے ون ڈے کیریئر کا شاندار آغاز کیا ہے، انہوں نے 21 میچوں میں 73.76 کی اوسط اور 109.80 کے اسٹرائیک ریٹ سے 1254 رنز بنائے۔  نوجوان بلے بازرواں سیریز میں اپنی 19 ویں ون ڈے اننگز میں ایک ہزار  رنز مکمل  کرکے   تیز ترین بھارتی  اور دوسرےتیز ترین عالمی  بلے باز بن گئے۔

متعلقہ تحاریر