واٹس ایپ پیغامات میں ترمیم ممکن ہوگئی، صارفین کو کیا کرنا ہوگا؟
واٹس ایپ پیغامات میں ترمیم 15 منٹ کے اندر ہی ممکن ہوگی، فی الحال اینڈرائیڈ اور آئی او ایس ڈیوائسز استعمال کرنے والے صارفین ہی اس سہولت سے مستفید ہوسکیں گے۔
واٹس ایپ پیغام میں ترمیم ممکن ہوگئی۔ میٹا کے بانی مارک زکر برگ نےاعلان کیا ہے کہ اینڈرائیڈ اور آئی فون کے صارفین واٹس ایپ پر بھیجے گئے پیغامات میں 15 منٹ کے اندر ایڈٹ کر سکیں گے۔
اس سہولت کی فراہمی واٹس ایپ کے صارفین کے دیرینہ مطالبات میں سے ایک تھاجو اب دنیا بھرمیں صارفین کو مہیا کردی گئی ہے۔
یہ بھی پڑھیے
ڈیٹا پرائیوسی کی خلاف ورزی پر آئرلینڈ کا میٹا کو 1.2ارب یورو کا جرمانہ
ٹوئٹر بلیو کے حامل صارفین کیلیے 2 گھنٹے کی وڈیو اپ لوڈ کرنا ممکن ہوگیا
پیغام میں ترمیم کی سہولت سے مستفید ہونے کیلیے صارفین کو واٹس ایپ کا تازہ ترین ورژن استعمال کرنا ہوگا۔واضح رہے کہ واٹس ایپ کی اپ ڈیٹ صارفین کو مرحلہ وار موصول ہورہی ہے اور تمام صارفین تک اپ ڈیٹ پہنچنے میں کچھ دن لگ سکتے ہیں ۔
پیغامات میں ترمیم 15 منٹ کے اندر ہی ممکن ہوگی۔ پیغامات میں ترمیم کی سہولت انفرادی اور گروپ چیٹس دونوں میں میسر ہوگی۔ واضح رہے کہ ترمیم کے بعد پیغام میں واضح ہوگا کہ یہ ترمیم شدہ ہے۔
پیغام میں ترمیم کیلیے صارف کو متن کو دیر تک دبانا ہوگاجس کے بعد اسکرین کے دائیں کونے پر تین نقطوں کو دباکر”ترمیم کریں“کاانتخاب کرنا ہوگا۔جس کے بعد پیغام ترمیم کے بعد دوبارہ بھیجاجاسکے گا۔ واضح رہے کہ کسی بھی پیغام میں 15 منٹ کے دورانیے میں ایک سے زائد مرتبہ بھی ترمیم ممکن ہوگی۔
فی الحال اینڈرائیڈ اور آئی فون استعمال کرنے والے صارفین اپنے موبائل پرہی پیغامات میں ترمیم کرسکیں گے جبکہ پی سی یا میک پر یہ سہولت دستیاب نہیں ہے۔