ٹوئٹر کی نئی ویب سائٹ برڈ واچ متعارف

ٹوئٹر نے رواں ماہ جھوٹی خبروں کے خلاف سخت پالیسی لانے کا اشارہ دیا تھا۔

سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر نے جعلی خبروں کی روک تھام کے لیے برڈ واچ کے نام سے نئی ویب سائٹ متعارف کرادی۔ اس کے ذریعے صارفین ٹوئٹس میں گمراہ کن اطلاعات کی نشاندہی کرسکیں گے۔

سوشل میڈیا پر جھوٹی خبروں کا رجحان روز بروز بڑھتا چلا جارہا ہے۔ سماجی رابطوں کی بیشتر ویب سائٹس جعلی خبروں سے بھری پڑی ہیں۔ ٹوئٹر نے اس مسئلے پر قابو پانے کے لیے برڈ واچ نامی ویب سائٹ لانچ کردی جوکہ ٹوئٹر کے ساتھ منسلک رہے گی۔

اس نئی ویب سائٹ کے ذریعے صارفین کو نہ صرف ٹوئٹس میں گمراہ کن اطلاعات کی نشاندہی کرنے میں مدد ملے گی بلکہ وہ جھوٹی خبروں کے متعلق نوٹ بھی تحریر کرسکیں گے۔

یہ بھی پڑھیے

ٹیلی گرام صارفین کی تعداد میں اضافہ

ٹوئٹر کے مطابق صارفین کا برڈ واچ پر کسی جھوٹی خبر کے متعلق تحریر کردہ نوٹ ٹوئٹس پر نمایاں طور پر نظر آئے گا۔ خیال رہے کہ یہ ویب سائٹ اب تک صرف امریکا میں متعارف کرائی گئی ہے۔

واضح رہے کہ ٹوئٹر نے رواں ماہ امریکا کے سابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ پر گمراہ کن اطلاعات صارفین تک پہنچانے پر ان کا اکاؤنٹ بند کردیا تھا۔ انتظامیہ نے جھوٹی خبروں کے خلاف سخت پالیسی لانے کا اشارہ بھی دیا تھا۔

متعلقہ تحاریر