ٹیسلا کے بانی ایلون مسک نے بٹ کوائن کی قسمت بدل دی

ٹیسلا نے بٹ کوائن میں ڈیڑھ ارب ڈالرز کی سرمایہ کاری کی تو کرنسی کی قدر میں 10 فیصد تک ریکارڈ اضافہ ہوگیا۔

ٹیسلا اور اسپیس ایکس کے بانی ایلون مسک نے ڈیڑھ ارب ڈالرز کے بٹ کوائن خرید کر کرپٹو کرنسی کی قدر میں اضافہ کردیا ہے۔

دنیا کے امیر ترین شخص ایلون مسک ٹیکنالوجی کی دنیا میں کسی بھی چیز کی قسمت بدل سکتے ہیں جس کی مثال ہم حال ہی میں دیکھ چکے ہیں۔ واٹس ایپ کے متنازع پرائیوسی پالیسی کے اعلان کے بعد ایلون مسک نے سگنل ایپ استعمال کرنے کا مشورہ دیا تو اس کے صارفین کی تعداد میں بے تحاشا اضافہ ہوا۔ اسی طرح انہوں نے جنوری میں اپنے ٹوئٹر پر کرپٹو کرنسی بٹ کوائن سے متعلق ٹوئٹ کیا تو اس کی قدر میں بھی نمایاں اضافہ ہوگیا۔

اب ایلون مسک کی کمپنی ٹیسلا نے اعلان کیا ہے کہ جنوری 2021 میں اس نے ڈیڑھ ارب ڈالرز کے بٹ کوائن خریدے ہیں جس کے بعد 8 فروری کو کرنسی کی قدر میں 10 فیصد کا ریکارڈ اضافہ ہوا ہے۔

اس اعلان کے بعد نہ صرف بٹ کوائن کی قدر بڑھی بلکہ چھوٹی ڈیجیٹل کرنسیوں کی قیمت میں بھی 5 فیصد اضافہ ہوا ہے۔

یہ بھی پڑھیے

ایلون مسک کا صارفین کو واٹس ایپ کے بجائے ‘سگنل’ کے استعمال کا مشورہ

واضح رہے کہ جنوری 2021 میں بٹ کوائن کی قیمت 42 ہزار ڈالرز کی ریکارڈ سطح پر پہنچ گئی تھی لیکن پھر اس کی قیمت تیزی سے گرنے لگی تھی۔

جنوری کے تیسرے عشرے میں بٹ کوائن کی قیمت 30 فیصد کمی کے بعد 28 ہزار 500 ڈالرز تک پہنچ گئی تھی تاہم ٹیسلا کی جانب سے بٹ کوائن پر ڈیڑھ ارب ڈالرز کی سرمایہ کاری کرنے کے اعلان سے 10 روز قبل ایلون مسک نے اپنے ٹوئٹر اکاؤنٹ پر بٹ کوائن کے ہیش ٹیگ کا استعمال کیا تھا۔ اس کے بعد ڈیجیٹل کرنسی کی قدر میں ایک بار پھر تیزی سے اضافہ ہونا شروع ہوا۔

اسی تناظر میں امریکی اداکارہ و گلوکارہ لنزے لوہان نے اپنی ٹوئٹ میں لکھا کہ ‘بٹ کوائن چاند پر’۔

دوسری جانب بدھ کو ٹوئٹر پر جاری پیغام میں ایلون مسک نے بتایا کہ انہوں نے اپنے بیٹے کے لیے کچھ ڈوگی کوائن خریدے ہیں۔

متعلقہ تحاریر