اب خلا میں سیاحت ہوگی اور ہوٹل بھی بنے گا
پہلے خلائی ہوٹل کی تعمیر 2025 تک مکمل ہوگی جسے 2027 میں سیاحوں کے لیے کھول دیا جائے گا۔

خلا میں اب ہوٹل بنے گا اور سیاحت بھی ہوگی۔ بہت جلد امیر کبیر سیاح اپنی چھٹیاں گزارنے کے لیے خلا کا رخ کریں گے۔ خلا میں بنائے جانے والے ہوٹل کی تعمیر 2025 میں مکمل ہوگی جسے 2027 میں سیاحوں کے لیے کھول دیا جائے گا۔
غیرملکی خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق زمین کے ذیلی مدار میں بنائے جانے والے دنیا کے پہلے خلائی ہوٹل میں ریسٹورنٹ، سینما گھر اور خصوصی قیام گاہیں بھی ہوں گی۔ یہ ہوٹل 400 کمروں پر مشتمل ہوگا۔

خلائی ہوٹل تعمیر کرنے والی کمپنی نے ہوٹل کے اندرونی حصوں کے ڈیزائن کی تصاویر جاری کردی ہیں۔ یہ ہوٹل خلائی تعمیرات کے حوالے سے مشہور امریکی کمپنی آربیٹل اسمبلی کارپوریشن تعمیر کر رہی ہے۔

خلائی ہوٹل میں وہ تمام سہولیات فراہم کی جائیں گی جو سمندر میں چلنے والی کروز شپ میں فراہم کی جاتی ہیں۔
یہ بھی پڑھیے
مستقبل میں ٹوئٹس دیکھنے کے لیے رقم ادا کرنی ہوگی
اس پرتعیش خلائی ہوٹل میں 12 روز کے قیام کے لیے 95 لاکھ امریکی ڈالرز (تقریباً ایک ارب 50 کروڑ پاکستانی روپے) وصول کیے جائیں گے۔ ہوٹل بنانے والی کمپنی نے ناسا اور یورپی اسپیس ایجنسی کو خصوصی طور پر تیار کردہ قیام گاہوں کے نمونے بھجوائے ہیں۔

ہوٹل کا ڈیزائن متعدد دائروں پر مشتمل ہوگا جس میں کئی موڈیولز ہوں گے۔ ان میں سے زیادہ تر موڈیولز دائرے کے بیرونی حصے میں تعمیر ہوں گے جن میں ریسٹورینٹس وغیرہ ہوں گے۔ جبکہ 24 ماڈیولز کمپنی کے زیراستعمال ہوں گے جن میں عملے کے ارکان کی رہائش، ہوٹل کے لیے پانی، بجلی اور آکسیجن وغیرہ کا بندوبست کیا جائے گا۔

کمپنی نے اعلان کیا ہے کہ خلائی ہوٹل کے دیگر حصے حکومتوں اور نجی اداروں کو فروخت یا لیز پر بھی دیے جاسکیں گے۔