پاکستان میں موبائل فونز بلاک کروانے کا نیا نظام متعارف

ایل ایس ڈی ایس کا نظام ایسے صارفین کے لیے مددگار ثابت ہوگا جو اپنا موبائل فون بلاک کروانا چاہتے ہیں۔

پاکستان ٹیلی کمیونی کیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) نے چوری اور گمشدہ موبائل فونز کو آن لائن بلاک کروانے کا نظام متعارف کرادیا ہے۔ صارفین کی شکایت کے بعد موبائل فون 24 گھنٹے میں بلاک کردیا جائے گا۔

سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر پی ٹی اے نے پریس ریلیز جاری کی ہے۔ پریس ریلیز کے مطابق ’چوری اور گمشدہ  موبائل فونز کو بلاک کرنے کے لیے ’گمشدہ اور چوری شدہ ڈیوائس سسٹم‘ (ایل ایس ڈی ایس) کا نظام متعارف کرادیا گیا ہے۔ صارفین اپنے موبائل کے آئی ایم ای آئی بلاک کرنے کی درخواست پی ٹی اے کو جمع کرواسکتے ہیں۔‘

یہ بھی پڑھیے

پی ٹی اے کا غیر مطلوبہ ایس ایم ایس کے خلاف اقدام

ایل ایس ڈی ایس کا نظام ایسے صارفین کے لیے مددگار ثابت ہوگا جو اپنا موبائل فون آن لائن بلاک کروانا چاہتے ہیں۔ ایل ایس ڈی ایس کا نظام پی ٹی اے کی ڈیوائس آئی ڈینٹی فی کیشن اینڈ بلاکنگ سسٹم (ڈی آئی آربی ایس)کے ساتھ مربوط ہے۔

پریس ریلیز میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ ’پاکستان ٹیلی کمیونی کیشن اتھارٹی کی ویب سائٹ پر موجود آن لائن کمپلینٹ منیجمنٹ سسٹم (سی ایم ایس) کے زریعے صارفین موبائل فونز بلاک کرنے کی درخواست جمع کروا سکتے ہیں۔ اس کے علاوہ مذید معلومات کے لیے صارفین پی ٹی اے کے کنزیومر سپورٹ سینٹر سے رابطہ کرسکتے ہیں۔‘

پریس ریلیز میں مزید کہا گیا ہے کہ ’درخواست جمع ہونے کے بعد پی ٹی اے صارف کو ایک نمبر فراہم کرے گی۔ موبائل فون مل جانے کے بعد صارف کو شکایتی نمبر اور دیگر تفصیلات فراہم کرنی ہوگی جو موبائل فون بلاک کرنے کے وقت فراہم کی تھیں۔ موبائل ان بلاک ہوجانے کے بعد صارف کو ایس ایم ایس موصول ہوگا۔‘

متعلقہ تحاریر