فواد چوہدری کا وزارت اطلاعات میں اصلاحات کا آغاز

وفاقی وزیر نے پی ٹی وی کو ایچ ڈی پر لانے اور قومی ترانے کی ڈیجیٹل ریکارڈنگ کے علاوہ دیگر منصوبوں سے آگاہ کیا۔

وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے دوبارہ پرانی وزارت سنبھالتے ہی تیزی سے اصلاحات لانی شروع کردیں ہیں۔ سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر فواد چوہدری نے پی ٹی وی نیوز اور پی ٹی وی اسپورٹس کو ایچ ڈی کرنے کا اعلان کردیا۔ وفاقی وزیر نے بتایا کہ قومی ترانے کی ڈجیٹل ریکارڈنگ بھی آخری مراحل میں ہے۔

فواد چوہدری نے سائنس اینڈ ٹیکنالوجی کی وزارت سنبھالی تو اس میں سرخرو ہوئے اور اب جب انہیں دوبارہ وزارت اطلاعات کا قلمدان دے دیا گیا ہے تو یہاں بھی ایک سرگرم وزیر کے طور پر جگہ بنارہے ہیں۔

وفاقی وزیر فواد چوہدری نے اپنی ٹوئٹ میں بتایا ہے کہ وزارت اطلاعات میں اصلاحات کا سلسلہ دوبارہ شروع کیا جارہا ہے۔ انہوں نے پی ٹی وی نیوز کو ایچ ڈی کرنے کے لیے یکم جون تک کی ڈیڈلائن دی ہے۔ فواد چوہدری نے رواں سال پی ٹی وی اسپورٹس کو بھی ایچ ڈی پر لانے کی امید ظاہر کی ہے۔

یہ بھی پڑھیے

فواد چوہدری ماضی کی غلطیاں نہ دہرائیں

صرف یہی نہیں فواد چوہدری نے نئے انگریزی چینل کی بنیاد رکھنے کا بھی اعلان کیا ہے۔  فلم اور ڈرامے کی بحالی کو پہلی ترجیح قرار دیتے ہوئے وفاقی وزیر نے اس حوالے سے اقدامات کی تفصیلات بیان کیں۔ انہوں نے نوجوان ڈرامہ نگاروں اور فلم سازوں کو معیاری کام کرنے کے لیے 5 کروڑ روپے تک قرضے کی سہولت دینے کا بھی اعلان کیا ہے۔

فواد چوہدری نے مزید کہا کہ 2018 میں قومی ترانے کی ڈجیٹل ریکارڈنگ کا فیصلہ کیا گیا تھا جو اب شروع ہوگئی ہے۔ کام آخری مراحل میں ہے جس کے بعد نیا ترانہ ریلیز کردیا جائے گا۔

وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری جس طرح سائنس اینڈ ٹیکنالوجی کے میدان میں ایک کامیاب وزیر ثابت ہوئے تھے امید ہے کہ اطلاعات کا قلمدان واپس ملنے پر ماضی کی غلطیاں نہ دہراتے ہوئے اپنا لوہا منوائیں گے۔

متعلقہ تحاریر