فرانس نے سرچ انجن گوگل پر 22 کروڑ یوروز جرمانہ عائد کردیا

فرانسیسی میڈیا کے مطابق گوگل پر جرمانہ 3 ڈیجیٹل میڈیا گروپس کی جانب سے الزام عائد کرنے کے بعد لگایا گیا ہے۔

یورپی یونین کے ملک فرانس کے مسابقتی ریگولیٹر نے انٹرنیٹ کی دنیا کے سب سے معروف سرچ انجن گوگل کو اشتہارات کی پالیسی کی خلاف ورزی کرنے پر 22 کروڑ یوروز کا جرمانہ عائد کیا ہے۔ پاکستانی کرنسی میں یہ رقم تقریباً 41 ارب روپے بنتی ہے۔

فرانس کے قومی ٹیلی ویژن فرانس 24 کی رپورٹ کے مطابق گوگل پر یہ جرمانہ 3 میڈیا گروپس فرانس کے اخبار لا فیگارو، بلیجیئم کے گروپ روسیل اور نیوز کارپوریشن کی جانب سے الزام عائد کرنے پر کیا گیا ہے۔

یہ بھی پڑھیے

گوگل، مائیکروسافٹ اور ایپل انٹرنیٹ براؤزنگ کی بہتری کے لیے کوشاں

تینوں گروپس کی جانب سے الزام عائد کیا گیا ہے کہ گوگل نے اپنے حریفوں کو نقصان پہچانے کے لیے آن لائن اشتہارات پر اجارہ داری قائم کر رکھی ہے۔ گوگل پر الزام تھا کہ اس نے اپنے ڈبل کلکاشتہاری نیٹ ورک میں اشتہاری یا نشریاتی فرمز کے لیے پلیٹ فارم کی حیثیت کی حامل ضمنی کمپنی ایڈایکس کو مراعات دے رکھی ہیں۔

گوگل کا کہنا ہے کہ وہ اپنی اشتہاری پالیسی سے متعلق اصولوں پر نظرثانی کرے گا۔

دوسری جانب اتوار کے روز فرانس کے مقامی اخبار لے پاریژیں سے گفتگو کرتے ہوئے فرانسیسی وزیر خزانہ برونو لے مائرے نے کہا ہے کہ فرانسیسی ڈیجیٹل ٹیکس کے مجوزہ قانون کے مطابق 30 ٹیک جائنٹس (ٹیکنالوجی کی بڑی کمپنیز) کو اب 3 فیصد اضافی ٹیکس ادا کرنا ہوگا۔ 3 فیصد اضافی ٹیکس ادا کرنے والی زیادہ تر ڈیجیٹل کمپنیاں امریکی ہیں تاہم چینی، جرمن، برطانوی اور ایک فرانسیسی کمپنی پر بھی یہ ٹیکس لاگو ہوگا۔

فرانسیسی وزیر خزانہ برونو لے مائرے کے مطابق 30 کمپنیوں کی فہرست میں سرچ انجن گوگل کے ساتھ سماجی رابطوں کی ویب سائٹ فیس بک، ایپل، ایمزون، بکنگ ڈاٹ کام، ایئر بی این بی اور آن لائن اشتہارات کی فرانسیسی کمپنی کریٹیو بھی شامل ہے۔ ڈیجیٹل ٹیکس میں ان کمپنیوں کو شامل کیا گیا ہے جن کا دنیا بھر میں سالانہ کاروباری حجم 75 کروڑ (750 ملین) یوروز ہے جبکہ فرانس میں ان کا کاروباری حجم 2 کروڑ 50 لاکھ (25 ملین) یوروز بنتا ہے۔

فرانس گوگل جرمانہ عائد

واضح رہے کہ یہ پہلا موقع نہیں جب گوگل یا فیس بک پر اشتہارات کو اپنے کنٹرول میں رکھنے اور من پسند کمپنیوں کو فائدہ پہنچانے کا الزام سامنے آیا ہے۔ اس سے قبل یورپی یونین گوگل پر 4 ارب 30 کروڑ یورو کا جرمانہ عائد کر چکا ہے۔

گزشتہ ہفتے یورپی یونین اور برطانوی مسابقتی ریگولیٹرز نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ فیس بک کی انتظامیہ سے سوشل میڈیا پر غیرمنصفانہ طور پر اشتہارات کی تشہیر کرنے اور پرائیویسی پالیسی کی خلاف ورزی کرنے پر تفتیش کی تھی۔

فرانس گوگل جرمانہ عائد

دسمبر 2019 میں بھی فرانس نے سرچ انجن گوگل پر قوائد کے منافی اشتہاری مہم چلانے پر 15 کروڑ یوروز کا جرمانہ عائد کیا گیا تھا جبکہ سال 2020 میں بھی گوگل کے ساتھ ایمزون کو بھی صارفین کی رضامندی کے بغیر ان کے کمپیوٹرز پر اشتہاری کوکیز رکھنے پر مجموعی طور پر 13 کروڑ 50 لاکھ  یوروز کا جرمانہ عائد کیا تھا۔

متعلقہ تحاریر