فیس بک نے سمارٹ گلاسز متعارف کروادئے

صارفین گلاسز کے ذریعے تصویر اور ویڈیو بناکر اپلوڈ کرسکتے ہیں۔

بدلتے وقت کے ساتھ نئی ٹیکنالاجی کا استعمال بھی بڑھتا جارہا ہے۔ سماجی رابطوں کی ویب سائٹ فیس بک نے اپنے پہلے سمارٹ گلاسز متعارف کروادئے ہیں جس کے ذریعے اب صارفین تصاویر اور ویڈیو بنا کر فیس بک اور انسٹاگرام پر پوسٹ کر سکتے ہیں۔

فیس بک کی جانب سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ کمپنی نے مشہور برانڈ رے بین کے اشتراک سے سمارٹ گلاسز بنائے ہیں جس کے ذریعے صارفین فوٹو اور ویڈیو بناکر ایپ کے ذریعے فیس بک اور انسٹا گرام پر پوسٹ کر سکیں گے۔ اس کے علاوہ صارفین گلاسز کی مدد سے گانے بھی سن سکتے ہیں۔

غیرملکی میڈیا کا کہنا کہ سمارٹ گلاسز کا نام "رے بین گلاسز” رکھا گیا ہے اور اس کی قیمت 299 ڈالرز سے شروع ہوگی۔

خبررساں اداروں کے مطابق فیس بک کے سمارٹ گلاسز میں ورچوئل اسسٹنٹ شامل کیا گیا ہے جو کہ صارفین کو آواز کی کمانڈ سے تصویر اور ویڈیو  بنانے میں مدد فراہم کرتا ہے۔ سمارٹ گلاسز میں ایک ایل ای ڈی لائٹ لگائی گئی ہے جو کہ کیمرا آن ہونے کی صورت میں دوسرے لوگوں کو آگاہ کرسکے گا کہ اس کیمرا کے ذریعے تصویر یا ویڈیو بنائی جارہی ہے۔

یہ بھی پڑھیے

فیس بک کی سابق ملازمہ کو خاموش رہنے کے لیے بڑی رقم کی پیشکش

غیرملکی میڈیا کے مطابق فیس بک انتظامیہ نے سمارٹ گلاسز کے ذمہ دارانہ استعمال کے لیے ہدایت نامہ بھی جاری کیا ہے جس کے مطابق صارفین نجی مقامات، پبلک واش رومز اور کسی کو ہراساں کرنے کے لیے سمارٹ گلاسز کا استعمال نہیں کر سکتے۔

واضح رہے کہ ٹیکنالوجی کی بڑی کمپنیاں ایمازون، گوگل، مائیکرو سافٹ، ایپل اور سنیپ بھی سمارٹ گلاسز بنانے کی دوڑ میں شامل ہیں۔ کچھ وقت قبل گوگل سمارٹ گلاسز بنانے میں کامیاب رہا تھا لیکن فنی مسائل اور قیمت زیادہ ہونے کی وجہ سے وہ صارفین کی توجہ حاصل کرنے میں ناکام رہے۔

متعلقہ تحاریر