ٹوئٹر نے طویل انتظار کے بعد صارفین کو غلطیاں سدھارنے کا موقع فراہم کردیا

مائیکرو بلاگنگ پلیٹ فارم ٹوئٹرانتظامیہ نے ٹوئٹر بلیوصارفین کیلئےایڈیٹ بٹن متعارف کروادیا گیاہے، انتظامیہ کے مطابق ٹویٹس  کرنے کے بعد 30 منٹ میں ترمیم کی جاسکتی ہے تاہم لیبل سے واضح ہوگا کہ اصل ٹویٹ میں ترمیم کی گئی ہے، فی الحال سہولت صرف ادائیگی کرنے والے صارفین کے لیے ہوگئی

سماجی رابطے کی معروف ایپ ٹوئٹر نے بالآخر طویل انتظارکے بعد اپنے صارفین کو غلطی سدھارنے کا موقع فراہم کرنے کا تہیہ کرلیا۔ ٹوئٹر انتظامیہ نے اپنے صارفین کو ٹوئٹ میں ترمیم کیلئے ایڈٹ بٹن کی آزمائش شروع کردی ہے۔

مائیکرو بلاگنگ پلیٹ فارم  ٹوئٹر نے 1 ستمبر کو اعلان کیا کہ اس کی ٹیم اندرونی طور پر اس فیچر کی جانچ کررہی ہے۔ سوشل میڈیا کمپنی ٹوئٹر کے مطابق  صارفین جلد ہی اپنی ٹویٹس میں ترمیم کر سکیں گے۔

یہ بھی پڑھیے

ٹوئٹر کے نئے فیچر”سرکل” کا آغاز، صارفین من پسند افراد کا گروپ بناسکیں گے

ٹوئٹر پرایک بلاگ پوسٹ میں کمپنی نے کہا کہ ترمیم شدہ ٹویٹس کا اندرونی طورپر تجربہ کیا جارہا ہے اور یہ خصوصیت اس ماہ کے آخر میں اس کی ادا شدہ ٹوئٹر بلیو سروس کے صارفین تک پھیل جائے گی۔

کمپنی کے مطابق یہ سہولت سب سے پہلے نیوزی لینڈ کے صارفین کو فراہم کی جائے گی  جبکہ اس کے بعد آسٹریلیا، کینیڈا اور امریکی صارفین کے لیے یہ سہولت دستیاب ہوگی ۔

انتظامیہ کے مطابق ٹویٹس کرنے کے بعد 30 منٹ میں صرف چند بار میں ترمیم کی جاسکتی ہے۔ کمپنی نے تصدیق کی کہ ترمیم شدہ ٹویٹس ایک آئیکن، ٹائم اسٹیمپ اور لیبل کے ساتھ ظاہر ہوںگے تاکہ قارئین کے لیے یہ واضح ہو کہ اصل ٹویٹ میں ترمیم کی گئی ہے۔

ٹویٹ میں ترمیم کرنے کا فیچر صارفین کو تبدیلیاں کرنے کے قابل بنائے گا جیسے ٹائپنگ کی غلطیوں کو ٹھیک کرنے یا ان کے پوسٹ کرنے کے بعد ایک مختصر مدت کے لیے اپنے ٹویٹس میں گم شدہ ٹیگز شامل کرنا۔

ٹوئٹر ایڈیٹ بٹن کی سہولت فی الحال ادائیگی کرنے والے صارفین کے لیے لارہا ہے جسے ٹوئٹر بلیو کہا جاتا ہے۔ یہ سروس فی الحال امریکہ، کینیڈا، نیوزی لینڈ اور آسٹریلیا جیسے ممالک میں دستیاب ہے۔

متعلقہ تحاریر