بالائی علاقوں میں تیز بارشوں کے باوجود سیاحوں کا رش
گلگت بلتستان میں بارشوں اور لینڈ سلائیڈنگ کے باعث سیاحوں کو مشکلات کا سامنا ہے۔

عید الاضحیٰ کی چھٹیوں کے دوران تیز بارشوں کے باوجود لوگ گھروں میں بیٹھنے کے بجائے سیر و تفریح کو ترجیح دے رہے ہیں۔ گلگت بلتستان میں تیز بارشوں کے باعث سیاحوں کو سخت مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔
مون سون کی بارشیں بھی شہریوں کے سیر سپاٹوں کا شوق ختم نہ کروا سکیں۔ شہریوں نے عید کی چھٹیوں کے بعد لانگ ویک اینڈ کا فائدہ اٹھاتے ہوئے شمالی علاقوں کا رخ کرلیا۔ مختلف علاقوں سے بڑی تعداد میں شہریوں نے سیر و تفریح کے لیے گلگت بلتستان میں ڈیرے ڈالے۔ دیکھتے ہی دیکھتے رش اس قدر بڑھ گیا کہ ہوٹلوں میں رہائش کے لیے کمرے کم پڑگئے۔ کمرے نہ ملنے پر سیاحوں نے سڑکوں کے قریب ٹینٹ لگا کر عارضی رہائش اختیار کی۔
Somewhere at Yasin #GilgitBaltistan #tourism pic.twitter.com/t0EmJzO3VZ
— Javed Ahmad (@JavedAhmad66) July 24, 2021
یہ بھی پڑھیے
عید سے قبل بارشیں، ماہرین نے خبردار کردیا
مون سون کی تیز بارشوں کے باعث بابو سر ٹاپ اور ناران کاغان روڈ پر بدترین ٹریفک جام ہوگئی۔ جس کے باعث بچوں اور خواتین سمیت ہزاروں سیاح پھنس گئے۔ انتظامیہ اور پولیس کے موقعے پر موجود نہ ہونے سے سیاح کئی گھنٹے بے یارو مددگار رہے۔
شدید بارشوں اور لینڈ سلائیڈنگ کی وجہ سے انتظامیہ نے شاہراہ قراقرم کو ٹریفک کے لیے بند کردیا تھا جس سے گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگ گئیں۔ عید کے تیسرے روز حالات بہتر ہونے پر انتظامیہ نے سڑک کو عام ٹریفک کے لیے بحال کیا۔
انتظامیہ کا کہنا ہے کہ بارشوں کے باعث سیر وسیاحت پر پابندی عائد ہے لیکن اس کے باوجود لوگ بڑی تعداد میں شمالی علاقہ جات کا رخ کررہے ہیں جو خطرے سے خالی نہیں ہے۔