بڑے ایونٹ کے سیمی فائنل سے قبل پاکستانی ٹیم کو جھٹکا

قومی ٹیم کے میڈیا مینجر کے مطابق محمد رضوان اور شعیب ملک فلو اور بخار میں مبتلا ہیں۔

متحدہ عرب امارات کے کرکٹ کے میدانوں سے پاکستانی شائقین کرکٹ کے لیے ایک بری خبر آگئی ہے کہ قومی ٹیم کے وکٹ کیپر اور مایہ ناز بلے باز محمد رضوان اور وننگ کمبینیشن کا حصہ شعیب ملک بخار میں مبتلا ہو گئے ہیں۔

آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2021 کے دوسرے سیمی فائنل میں آج پاکستان اور آسٹریلیا کی ٹیمیں مدمقابل ہوں گی جبکہ قومی ٹیم کے دو انفارم بلے باز شعیب ملک اور محمد رضوان نے گذشتہ روز پریکٹس سیشن میں حصہ نہیں لیا۔

یہ بھی پڑھیے

ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ: پہلے سیمی فائنل میں نیوزی لینڈ کے ہاتھوں انگلینڈ کی "اپ سیٹ” شکست

دونوں بڑے "شاہد” خان صاحب سے مایوس

قومی کرکٹ ٹیم کے میڈیا مینجر منصور رانا کا کہنا ہے کہ محمد رضوان اور شعیب ملک کو معمولی بخار اور فلو ہوا ہے، ڈاکٹرز نے انہیں آرام کا مشورہ دیا ، تاہم انکا کرونا ٹیسٹ منفی آیا ہے۔

نجی ٹی وی چینل کے اسپورٹس جرنلسٹ سلیم خالق نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر پیغام شیئر کرتے ہوئے لکھا ہے کہ ” رضوان اور شعیب ملک فلو اور بخار میں مبتلا ہیں،امید ہے صحتیاب ہو کر سیمی فائنل میں حصہ لیں گے،دونوں کی موجودگی ٹیم کے لیے ضروری ہے،ایک اچھا وننگ کمبی نیشن بنا ہوا ہے۔”

دو روز آرام کے بعد گذشتہ روز قومی ٹیم نے آئی سی سی اکیڈیمی میں پریکٹس سیشن کیا تاہم دونوں کھلاڑی اس سیشن میں موجود نہیں تھے۔

دونوں کھلاڑیوں کے پریکٹس سیشن میں عدم دستیابی کی وجہ سے چہ میگوئیاں ہونے لگیں تھیں کہ شائد آج سیمی فائنل میں دونوں کھلاڑی کینگروز کے خلاف میدان میں نہ اتر سکیں۔

تاہم تازہ ترین اطلاعات کے مطابق دونوں کھلاڑی کی طبیعت بالکل ٹھیک ہو گئی ہے۔ دونوں کھلاڑی مکمل طور پرفٹ ہو گئے ہیں اور آج کے سیمی فائنل میں آسٹریلیا کے خلاف دستیاب ہوں گے۔ آج جب پاکستانی ٹیم میچ کے لیے آئے گی تو یہ دونوں کھلاڑی بھی آئیں گے۔ دونوں پلیئرز نے اپنی صحت یابی کے حوالے سے ٹیم مینجمنٹ کو آگاہ کردیا ہے۔

واضح رہے کہ محمد رضوان نے انڈیا کے خلاف شاندار بلے بازی کرتے ہوئے 55 گیندوں پر 79 رنز اسکور کیے تھے ، نیوزی لینڈ کے خلاف 34 گیندوں کا سامنا کرتے ہوئے 33 رنز بنائے تھے، افغانستان کے خلاف اچھا کھیل پیش کرنے میں ناکام رہے تھے اور انہوں نے 10 گیندوں پر 8 رنز اسکور کیے تھے۔ اسکاٹ لینڈ کے خلاف محمد رضوان 19 گیندوں پر 15 رنز بنا پائے تھے جبکہ نمیبیا کے خلاف 50 گیندوں پر ناقابل شکست 79 رنز بنائے تھے۔

دوسری جانب شعیب ملک نے نیوزی لینڈ کے خلاف 20 گیندوں پر 26 رنز بنائے اور ناٹ آؤٹ رہے تھے۔ افغانستان کے خلاف بیٹنگ کرتے ہوئے شعیب ملک نے 15 گیندوں پر 19 رنز بنائے تھے جبکہ اسکاٹ لینڈ کے خلاف 18گیندوں پر ناقابل شکست 54 رنز اسکور کیے تھے۔

متعلقہ تحاریر