پی ایس ایل7:وزیراعظم کا  افتتاحی پیغام  کیسے لیک ہوا؟

وزیراعظم کا وڈیو پیغام پی ایس ایل کے آفیشل پیج سے قبل پی ٹی آئی کے آفیشل پیج پر جاری کردیاگیا، پی سی بی تحقیقات کریگا؟

پی ایس ایل7 کے حوالے سے وزیراعظم کا افتتاحی پیغام پی سی بی سے پہلے پی ٹی آئی کے پییج پر کیسے لیک ہوا؟ کیا پاکستان کرکٹ بورڈ تحقیقات کرے گا؟

وزیراعظم عمران خان کے ہاتھوں پاکستان سپر لیگ کے 7ویں سیزن کے افتتاح کی وڈیو گزشتہ روز جاری کی گئی تھی۔

یہ بھی پڑھیے

پاکستان سپر لیگ سیزن 7 کے ترانے نے دھوم مچا دی

قومی کرکٹ ٹیم کے کھلاڑیوں سے وزیراعظم بھی خوش

پی ایس ایل7 کے حوالے سے جاری کردہ وڈیو میں چیئرمین پی سی بی  رمیز راجہ کو وزیراعظم ہاؤس  میں داخل ہوتے ہوئے دکھایا گیا ہے۔

رمیز راجہ  پی ایم آفس میں داخل ہوکر وزیراعظم کو کہتے ہیں کہ باس وقت ہوگیا ہے۔ وزیراعظم عمران خان اپنی نشست سے اٹھتے ہیں جس کے بعد دونوں کو ایک راہداری سے گزرتے ہوئے دکھایا گیا ہے  جس کے بعد وزیراعظم   پی ایس ایل ٹیموں کیلیے پیغام جاری کرنے کے بعد بٹن دبا کر پی ایس ایل کا افتتاح کرتے  ہیں۔

وزیراعظم نے پی ایس ایل ٹیموں کے نام اپنے پیغام  میں کہا کہ مجھے اُمید ہے کہ ہر ٹیم آخری گیند تک لڑے گی اور عوام کو انٹرٹین کرے گی۔

دلچسپ بات یہ ہے کہ پی ایس ایل کے افتتاح سے متعلق وزیراعظم کا وڈیو پیغام پی سی بی یا پی ایس ایل کے آفیشل پیجز کے بجائے سب سے پہلے شام 6بجکر 11منٹ پر حکمراں جماعت تحریک انصاف کے ٹوئٹر ہینڈل پر جاری کی گئی  جس کے بعد رات9بجکر 47 منٹ پر یہ وڈیو پی ایس ایل کے آفیشل ٹوئٹر ہینڈل پر جاری کی گئی جبکہ رات 10 بجے وزیراعظم کے فیس بک پیج پر یہ وڈیو اپ لوڈ کی گئی۔ذرائع ابلاغ میں زیرگردش اطلاعات کے مطابق وڈیو پی ٹی آئی کے ٹوئٹر ہینڈل پر اپ لوڈ ہونے سے قبل ہی  سوشل میڈیا پر لیک ہوچکی تھی۔

کھیلوں سے وابستہ صحافتی حلقوں  کا کہنا ہے کہ پی سی بی کے سب سے بڑے ایونٹ کی وڈیو پی سی بی یا پی ایس ایل کے آفیشل سوشل میڈیا پیجز پر ہی جاری ہونی چاہیے تھیں۔پاکستان کرکٹ بورڈ کو اس حوالے سے تحقیقات کرکے ذمے داران کیخلاف کارروائی کرنی چاہیے۔

متعلقہ تحاریر