آتشزدگی سے متاثرہ چیز سپر اسٹور میں پٹرول ذخیرہ کرنے کا بھی انکشاف
عمارت کی بیسمنٹ میں 2 پٹرول ٹینک موجود تھے، ایس بی سی اے کی ٹیکنیکل ٹیم کا عمارت کا دورہ، کولنگ کا عمل مکمل ہونے پر مٹیریل ٹیسٹنگ کی جائے گی، رپورٹ کی بنیاد پر عمارت کے مستقبل کا فیصلہ ہوگا

کراچی میں جیل چورنگی پر واقع چیز سپر اسٹور میں لگنے والی آگ پر 4 روز گزرنے کے باوجود مکمل طور پر قابو نہیں پایا جاسکا ہے۔
عمارت کی بیسمنٹ اورگراؤنڈ فلور کو کلیئر کردیا گیا ہے تاہم میزنائن فلور پر تاحال آگ لگی ہوئی ہے جسے بجھانے کی کوششیں جاری ہیں۔
یہ بھی پڑھیے
کوکنگ آئل کا ذخیرہ ” چیز “ میں آتشزدگی کی وجہ بنا؟
چیز ڈیپارٹمنٹل اسٹور کی آگ نے کثیرالمنزلہ عمارت کے مکینوں کو بے گھر کردیا
دوسری جانب عمارت میں آتشزدگی کی تحقیقات کے حوالے حساس ادارے کے ذرائع نے نیوز 360کو بتا یا ہے کہ عمارت کے تہہ خانے میں کوکنگ آئل کے علاوہ پٹرول کے 2 ٹینک بھی ذخیرہ کیے گئے تھے جس کے باعث آگ بے قابوہوئی اور اسے بجھانے کی کوششیں 4 روز سے جاری ہیں۔
دریں اثنا سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی کی ٹیم متاثرہ عمارت پہنچ گئی۔ٹیکنیکل کمیٹی کے افسران عمارت کا جائزہ لیں گے۔ایس بی سی اے حکام کے بعد عمارت میں کولنگ کا عمل مکمل ہونے پر مٹیریل ٹیسٹنگ کروائی جائے گی۔
حکام کے مطابق حتمی رپورٹ آنے کے بعد عمارت کے مستقبل کا فیصلہ کیا جائے گا۔عمارت کی جانچ پڑتال کے 3 روز بعد مٹیریل ٹیسٹنگ رپورٹ موصول ہوجائے گی۔
دوسری جانب سینئر فائر آفیسر کا کہنا ہے کہ چیز سپر اسٹور کا بیسمنٹ اور گراؤنڈ فلور کلیئر ہے جب کہ میزنائن فلور کی آگ کنٹرول میں ہے۔فائر آفیسر نے بتایا کہ میز نائن فلور پر بڑی تعداد میں کپڑا موجود ہے، اس کو مشینری سے توڑا گیا ہے، آگ بجھانے کے لیے فوم استعمال کیا جارہا ہے۔









