ملک ریاض نے وائرل آڈیو کو جعلی قرار دیدیا،قانونی چارہ جوئی کااعلان
سوشل میڈیا پر مجھ سے منسوب آڈیو جدید ٹیکنالوجی ڈیپ فیک کی پیداوار ہے،اس سازش کے پیچھے موجود لوگوں کا سراغ لگانے کے لیے ہر قانونی فورم سے رجوع کروں گا، پراپرٹی ٹائیکون

ملک کے معروف پراپرٹی ٹائیکون ملک ریاض نے سوشل میڈیا پرخود سے منسوب کی جانے والی وائرل آڈیو کو جعلی قرار دیتے ہوئے ملوث افراد کیخلاف قانونی چارہ جوئی کااعلان کردیا۔
سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری کردہ تحریری بیان میں ملک ریاض نے کہا کہ سوشل میڈیا پر ان سے منسوب آڈیو جدید ٹیکنالوجی ڈیپ فیک کی پیداوار ہے، ڈیپ فیک کے ہوتے ہوئے آڈیو بنانا کوئی حیران کن بات نہیں ہے۔
یہ بھی دیکھیے
وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ نے عمران خان کی گرفتاری کا اعلان کردیا
مجلس شوری (پارلیمنٹ) کے مشترکہ اجلاس کی تاریخ تبدیل
انہوں نے کہا کہ وہ کسی جماعت کی سیاسی مہمات کا حصہ نہیں بننا چاہتے ، یہ حقیقت ہے کہ سیاسی فائدے کے لیے ان کی آواز کا غلط استعمال کیا گیا، انہوں نے کہا کہ ان پر پے در پے حملے کیے جاتے رہے اور اب ان کا خاندان بھی اس کی زد میں آگیا ہے۔
— Malik Riaz Hussain (@MalikRiaz_) June 5, 2022
معروف پراپرٹی ٹائیکون ملک ریاض نے واضح کیا کہ وہ اس معاملے کے خلاف قانون چارہ جوئی کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں اور اس سازش کے پیچھے موجود لوگوں کا سراغ لگانے کے لیے ہر قانونی فورم سے رجوع کریں گے تاکہ جو کوئی بھی اس میں ملوث ہو اُسے کیفر کردار تک پہنچایا جاسکے۔
واضح رہے کہ سوشل میڈیا پر وائرل ایک آڈیو کو ملک ریاض اور ان کی صاحبزادی سے منسوب کیا جارہا ہے ، جس میں بشریٰ بی بی ،عمران خان ،شہزاد اکبر،فرح اور سونے کی انگوٹھی کا ذکر کیا جارہاتھا۔









