پنجاب کے ضمنی الیکشن: زبان خلق کو نقارہ خدا سمجھو!
تحریک انصاف نے 20 میں سے 15 نشستوں پر کامیابی حاصل کرلی، ن لیگ نے شکست تسلیم کرلی،مسلم لیگ ن کو کھلے دل سے نتائج تسلیم کرنا چاہییں، عوام کے فیصلے کے سامنے سر جھکانا چاہیے، مریم نواز
پاکستان تحریک انصاف نے پنجاب کے ضمنی الیکشن میں میدان مارلیا۔ تحریک انصاف نے پنجاب اسمبلی کی 20 میں سے 15 نشستوں پر کامیابی حاصل کرلی جبکہ ن لیگ صرف 2 نشستوں پر کامیابی حاصل کرسکی ہے جبکہ ایک نشست آزاد امیدوار کے حصے میں آئی ہے۔
دیگر 2 نشستوں کے نتائج آنے کا سلسلہ جاری ہے جن میں سے بیشتر پر تحریک انصاف کو برتری حاصل ہے۔
یہ بھی پڑھیے
ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی، تحریک انصاف کے رہنما شہبازگل گرفتار
پنجاب کے ضمنی انتخابات کے لیے پولنگ کا وقت ختم، ووٹوں کی گنتی جاری
یاد رہےکہ پنجاب کے 14 اضلاع کی 20 نشستیں لاہور ہائیکورٹ کے فیصلے کے نتیجے میں پی ٹی آئی کے 20 باغی ارکان کے ڈی نوٹیفائی ہونے کے بعد خالی ہوئی تھی۔ان نشستوں پر پولنگ اتوار کی صبح 8 بجے سے شام 5 بجے تک بغیر کسی وقفے سے جاری رہی۔
اب تک کے غیرسرکاری و غیر حتمی نتائج کے مطابق پاکستان تحریک انصاف نے 15 اور ن لیگ نے دو نشستیں حاصل کی ہیں جبکہ ایک آزاد امیدوار بھی کامیاب ہوا ہے۔
پی ٹی آئی نے لاہور کی تین، شیخوپورہ، جھنگ، ملتان، ساہیوال، خوشاب، لودھراں، لیہ اور ڈیرہ غازی خان کی نشستیں جیت لی ہیں جبکہ ن لیگ نے لاہور اور مظفر گڑھ سے ایک ایک سیٹ حاصل کی ہے۔
خوشاب میں پنجاب اسمبلی کے حلقے پی پی 83 کے تمام 215 پولنگ اسٹیشنز کے غیر سرکاری و غیر حتمی نتیجے کے مطابق تحریک انصاف کے ملک حسن اسلم خان 48475 ووٹ لے کر کامیاب قرار پائے جبکہ آزاد امیدوار محمد آصف ملک 41752 ووٹ لیکر دوسرے نمبر پر رہے۔
پی پی 125 جھنگ کے تمام 185 پولنگ اسٹیشنز کے غیر سرکاری و غیر حتمی نتائج کے مطابق تحریک انصاف کے میاں محمد اعظم 82382 ووٹ لے کر جیت گئے جبکہ ن لیگ کے فیصل حیات 52ہزار 178 ووٹ حاصل کرسکے۔
پی پی 140 شیخوپورہ کے تمام 165 پولنگ اسٹیشنزکاغیرسرکاری و غیرحتمی نتیجے کے مطابق تحریک انصاف کے خرم شہزاد ورک 50ہزار166 ووٹ لے کر کامیاب قرار پائے جبکہ مسلم لیگ ن کے میاں خالد محمود 32ہزار105 ووٹ حاصل کرسکے۔
پی پی 202 ساہیوال 7 پر تحریک انصاف کے میجر (ر) محمد غلام سرور خان نے ملک نعمان لنگڑیال کو اپ سیٹ شکست سے دوچار کردیا۔ 176 پولنگ اسٹیشنز کے غیر حتمی و غیر سرکاری نتائج کے مطابق میجر (ر) محمد غلام سرور 61989 ووٹ لے کر کامیاب قرار پائے جبکہ مسلم لیگ ن کے ملک نعمان احمد لنگڑیال نے 59167 ووٹ حاصل کرسکے۔
دریں اثنا مسلم لیگ ن نے ضمنی الیکشن میں شکست تسلیم کرلی۔مسلم لیگ ن پنجاب کے رہنما ملک احمد خان نے جیو نیوز سے گفتگومیں کہا کہ دل سے تسلیم کرتا ہوں کہ تحریک انصاف نے تاریخی کامیابی حاصل کی ہے۔
انہوں نے کہا کہ عوام کا ووٹ ہمارے خلاف آیا ہے، عوام نے ووٹ سے اپنی رائے دی، اس کے بعد حکومت کا رہنا نہ رہنا سیکنڈری ہوجاتا ہے۔ملک احمد خان کا کہنا تھاکہ الیکشن کے نتائج بتارہے ہیں کہ ہمارے پاس عددی اکثریت نہیں رہے گی۔
مسلم لیگ ن کو کھلے دل سے نتائج تسلیم کرنا چاہییں۔ عوام کے فیصلے کے سامنے سر جھکانا چاہیے۔ سیاست میں ہار جیت ہوتی رہتی ہے۔ دل بڑا کرنا چاہیے۔ جہاں جہاں کمزوریاں ہیں، ان کی نشاندہی کر کے انھیں دور کرنے کے لیے محنت کرنی چاہیے۔ انشاءاللّہ خیر ہو گی۔
— Maryam Nawaz Sharif (@MaryamNSharif) July 17, 2022
دوسری جانب مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز نے بھی انتخابی نتائج کو تسلیم کرتے ہوئے پارٹی کو شکست تسلیم کرنے کا مشورہ دیدیا۔ مریم نواز نے اپنے ٹوئٹ میں لکھا کہ مسلم لیگ ن کو کھلے دل سے نتائج تسلیم کرنا چاہییں۔ عوام کے فیصلے کے سامنے سر جھکانا چاہیے۔
مریم نواز نے کہا کہ سیاست میں ہار جیت ہوتی رہتی ہے، دل بڑا کرنا چاہیے۔ جہاں جہاں کمزوریاں ہیں، ان کی نشاندہی کر کے انھیں دور کرنے کے لیے محنت کرنی چاہیے۔ انشااللّہ خیر ہو گی۔