عالمی تجارت میں بھارت کی بڑی کامیابی، 18 ممالک روپے میں تجارت پر تیار ہوگئے
بھارت کے مرکزی بینک آر بی آئی نے برطانیہ، جرمنی اور سنگاپور سمیت 18 ممالک کو روپے میں لین دین کی اجازت دیدی، مذکورہ ممالک بھارتی روپے میں لین دین کے علاوہ روپے کے ذریعے بھارت میں سرمایہ کاری بھی کرسکیں گے
بھارت نے عالمی تجارت میں بڑی کامیابی حاصل کرلی۔ برطانیہ، جرمنی اور سنگاپور سمیت دنیا 18 اہم ممالک نے بھارتی روپے میں تجارت پر آمادگی ظاہر کردی۔
عالمی اقتصادی سست روی کے پیش نظر دنیا بین الاقوامی مارکیٹ کو ڈالرکے شکنجے سے نکالنے کی کوشش کررہی ہے اور ہندوستان اسے ایک موقع میں بدل رہا ہے۔ اب بھارتی تاجر روپے میں ادائیگی کرکے دوسرے ممالک سے سامان درآمد کر سکیں گے۔
یہ بھی پڑھیے
اربوں ڈالرز کا نقصان؛ بھارتی ارب پتی شخصیات کے ستارے گردش میں آگئے
راجستھان میں فوجی مشقوں کے دوران ہندوستانی فوج نے میزائل غلط فائر کردیئے
بھارت کے مرکزی بینک آر بی آئی نے جرمنی، کینیا، سری لنکا، سنگاپور، برطانیہ سمیت 18 ممالک کو روپے میں لین دین کی اجازت دیدی ہے۔ یہ ممالک بھارتی روپے کو ہندوستانی کمپنیوں میں سرمایہ کاری اور ہندوستان سے سامان اور خدمات خریدنے میں استعمال کریں گے۔ اس سے تجارت سے متعلقہ لین دین کے اخراجات کم ہوں گے اور تجارت کو فروغ ملے گا۔
بھارت روپے کو تصفیہ اور انوائسنگ کرنسی کے طور پر استعمال کرنے والے بہت سے ممالک کے سب سے اہم تجارتی شراکت داروں میں سے ہے، بھارتی روپے کے استعمال سے ان تاجروں کو بین الاقوامی منڈی میں درپیش شرح مبادلہ کے خطرات میں کمی آئے گی۔
اس سے ہندوستان کا تجارتی خسارہ بھی کم ہوگا۔ بھارت کا تجارتی خسارہ اپریل 2022 سے جنوری 2023 تک 233 ارب ڈالر تھا۔ اس کے ساتھ بھارت مزید برآمد کرنے کے قابل ہو جائے گا کیونکہ مزید ممالک روپے میں تجارت کرنے کو تیار ہیں۔ یہ نیپال اور بھوٹان جیسے جنوبی ایشیائی ممالک کے ساتھ تجارت کو فروغ دے گا۔
اس کے علاوہ، بھارت مالیاتی منڈیوں کی ترقی کو فروغ دے گا۔برکس ممالک نے پہلے ہی مغربی دنیا کی طرف سے روس پر عائد پابندیوں کے بعد بین الاقوامی منڈی میں ڈالر کو کم کرنے کی کوشش کی ہے۔اس سے چین کو امریکا کے ممکنہ متبادل کے طور پر ابھرنے کا موقع ملا۔