غلام نبی آزاد کا راہول گاندھی پر ناپسندیدہ کاروباری شخصیات سے تعلق کا الزام
بھارت میں کانگریس پارٹی اپنا وجود کھوچکی ہے اور اب صرف چند شخصیات رہ گئی ہیں۔انہوں نے کہاکہ راہول گاندھی سمیت کانگریس کی موجودہ قیادت کا کوئی اثر و رسوخ نہیں ہے

کانگریس سے 50 سالہ رفاقت ختم کرنے کے بعد گزشتہ سال اپنی راہیں جدا کرنے والے غلام نبی آزاد نےالزام عائد کیا ہے کہ راہول گاندھی کے ناپسندیدہ تاجروں کے ساتھ روابط ہیں۔
کانگریس کے سابق سینئر رہنما غلام نبی آزاد نےیہ الزام اتوار کو ایک ٹوئٹ میں وائناڈ کے ایم پی کے اس الزام کے جواب میں لگایا ہے جس میں صنعت کار گوتم اڈانی کے ساتھ تعلقات رکھنے والوں میں آزاد کا نام بھی لیا گیا تھا۔
یہ بھی پڑھیے
عالمی تجارت میں بھارت کی بڑی کامیابی، 18 ممالک روپے میں تجارت پر تیار ہوگئے
اربوں ڈالرز کا نقصان؛ بھارتی ارب پتی شخصیات کے ستارے گردش میں آگئے
غلام نبی آزاد نے ملیالم نیوز چینل ایشیا نیٹ نیوز کو ایک انٹرویو میں کہا کہ”بشمول راہول پورے خاندان کے تاجروں کے ساتھ تعلقات ہیں، میں 10 مثالیں دے سکتا ہوں کہ وہ کہاں جائیں گے، یہاں تک کہ ملک سے باہر بھی، ایسے لوگوں سے ملنے کے لیے جو ناپسندیدہ کاروباری ہیں“ ۔
مقبوضہ جموں و کشمیر کے سابق کٹھ پتلی وزیراعلیٰ اور سابق یونین منسٹر غلام نبی آزاد نے 50 سالہ وابستگی کےبعد گزشتہ سال کانگریس سے اپنی راہیں جدا کرلی تھیں اور اپنی نئی جماعت ڈیموکریٹک پروگریس آزاد پارٹی بنانے کا اعلان کیاتھا۔
راہول نے ہفتے کے روز کانگریس کے ان رہنماؤں پر تنقید کی تھی جو پارٹی سے باہر چلے گئے تھے، یا بعد میں بی جے پی میں شامل ہو گئے تھے، انہیں اڈانی تنازع میں گھسیٹتے ہوئے وہ مرکزی حکومت کو نشانہ بنارہے تھے ۔ امریکی ریسرچ فرم ہڈنبرگ نے رپورٹ کیا تھا کہ صنعتکار نے 20ہزار کروڑ روپے ٹیکس پناہ گاہوں میں چھپا رکھے ہیں۔
انہوں نے کہاکہ بھارت میں کانگریس پارٹی اپنا وجود کھوچکی ہے اور اب صرف چند شخصیات رہ گئی ہیں۔انہوں نے کہاکہ راہول گاندھی سمیت کانگریس کی موجودہ قیادت کا کوئی اثر و رسوخ نہیں ہے۔
انہوں نے کہاکہ بہت سے لوگوں کا کہنا ہے کہ بھارت جوڑو یاترا کے بعد راہل کا اثربڑھ گیا ہے لیکن میں نے محسوس کیا کہ اس کے پاس کوئی طاقت نہیں ہے،سورت کی عدالت میں پیشی پر گجرات کا ایک بھی نوجوان یا کسان راہول سے اظہار یکجہتی کیلیے نہیں آیا۔









